counter easy hit

سکھ رہنما سردار چرن جیت سنگھ کا قاتل گرفتار، اعترافِ جرم کرلیا

پشاور: پشاور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سکھ رہنما سردار چرن جیت سنگھ کے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے، قاتل نے اعترافِ جرم بھی کرلیا۔

Sikh leader Sardar Chan Jag Singh's murderer was arrested, confessedتفصیلات کے مطابق انتیس مئی کو قتل ہونے والے ممتاز سکھ رہنما کے قاتلوں کو انسپیکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا نے ایک ہفتے میں پکڑنے کا اعلان کیا تھا۔

قتل کے دو ہفتے گزرنے کے بعد پولیس ابھی ایک قاتل تک پہنچ سکی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پشاور پولیس کے مطابق قتل کے ملزم کو کوہاٹ روڈ کے قریب غلّہ منڈی سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ہونے والے ملزم شہر یار نے پولیس کے سامنے اعترافِ جرم بھی کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ سردار چرن جیت سنگھ کو اس وقت موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا جب وہ کوہاٹ روڈ پر واقع اسکیم چوک میں اپنی دکان میں بیٹھے تھے۔

سردار چرن جیت سنگھ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششوں میں سرگرم رہتے تھے، پچھلے کئی برسوں سے مذہبی رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

مقتول کے آبا و اجداد کا تعلق قبائلی علاقے تیراہ سے تھا مگر دو ڈھائی سال قبل وہ اپنے قریبی رشتہ داروں اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے درجنوں خاندانوں کے ہم راہ پشاور منتقل ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکھ برادری کے اہم افراد کو کچھ عرصے سے ہدف بنایا جا رہا ہے، اپریل 2016 میں پی ٹی آئی رہنما سردار سورن سنگھ کو ضلع بونیر میں قتل کردیا گیا تھا۔