اسلام آباد: ملک کے 22ویں وزیراعظم کا انتخاب کل عمل میں لایا جائے گا جس کیلئے عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں جبکہ اس انتخاب سے قبل ہی شیخ رشید نے ایسی بات کہہ دی ہے کہ عمران خان بھی خوش ہو جائیں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مقررہ وقت تک صرف 2 ممبران قومی اسمبلی عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد نامزدگی فارم درست قرار دیتے ہوئے منظور کئے گئے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل عمران خان وزیراعظم ہوں گے کیونکہ پیپلز پارٹی ووٹ نہ بھی دے تو ہمارے نمبر پورے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام ساڑھے 3 بجے شروع ہوگا جس کے دوران ایوان کی دو حصوں میں تقسیم سے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
ہر امیدوار کیلئے قومی اسمبلی ہال میں ایک ایک لابی مختص ہوگی، جو رکن جس امیدوار کو ووٹ دینا چاہے گا اس لابی میں چلا جائے گا جس کے بعد اراکین کی گنتی کے بعد اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا نیا وزیراعظم ہوگا۔قومی اسمبلی کے قواعد کے مطابق 342 کے ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کسی بھی امیدوار کو سادہ اکثریت یعنی 172 ووٹ لینا ہوتے ہیں، اگر 172 کی اکثریت نہ ملے تو ایوان کے اکثریتی ارکان سے انتخاب ہوتا ہے۔