counter easy hit

ٹکٹس کے معاملے پر عمران خان کی جانب سے از سرنو جائزہ لینے پر عمران خان کو سلیوٹ کرتا ہوں، ولید اقبال

لاہور: تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے کہا ہے کہ ٹکٹس کے معاملے پر عمران خان کی جانب سے از سر نو جائزہ لینے پر عمران خان کو سلیوٹ کرتا ہوں، کارکنوں کہ دباﺅ میں آکر پریس کانفرنس کی ۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگوکرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا ہے کہ میرا عمران خان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ میں نے جو پریس کانفرنس کی ہے وہ میں نے چیئر مین کا خطاب سن کر کی تھی ۔ میں نے صرف آواز بلند کی تھی کہ یہاں بھی نا انصافی ہوئی ہے اس لئے یہاں بھی جائزہ لینے کی ضرورت ہے ۔ میں یہ پریس کانفرنس کرنا نہیں چاہتا تھا لیکن مجھ پر اپنے ساتھیوں کا دباﺅ تھا جو محسوس کرتے تھے کہ وہ ٹکٹ کے حقدار ہیں اور میں بھی محسوس کرتا تھا کہ ان کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب اور لوگ آواز بلند کررہے تھے تو میں نے بھی عمران خان کی طرف سے آواز بلند کرنے والوں کو خوش آمدید کہنے پر آواز بلند کردی۔ ولید اقبال نے کہا کہ میں پارٹی کے ساتھ ہوں اور رہوں گا لیکن میں نے وہ لوگ جو پارٹی کے اندر میرے ساتھ تھے ان کے ساتھ نا انصافی ہو ئی تو آواز بلندکی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی شکایات پر ٹکٹس کی تقسیم کا از سرنو جائزہ لینے پر میں عمران خان کو سلام کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں حال میں بھی اور پہلے بھی کہتا رہا ہوں کہ جب الیکشن قریب آجاتا ہے تو صورتحال پیچیدہ ہوجاتی ہے ۔ اس موقع پر دیکھنا پڑتا ہے کہ کیا یہ شخص واقعی الیکشن جیتنے کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس لئے میں عمران خان کی بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ الیکشن لڑنے کیلئے جیتنے کی صلاحیت ہونا ضروری ہے۔