counter easy hit

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چار جون کو طلب

Rohait E Halal Committee meeting to be held on June 4 to see Shawal moonاسلام آباد: شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چار جون کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس محکمہ اوقاف کی بلڈنگ میں ہوگا جس میں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات، ڈی جی وزارت مذہبی امور اور کمیٹی ارکان شریک ہونگے۔

یاد رہے کہ وزیر سائنس فواد چودھری نے پانچ جون بروزبدھ کو عید کا اعلان کررکھا ہے۔ دوسری جانب علماء کا کہنا ہے کہ شرعی طور پر جب تک چاند آنکھوں سے نہ دیکھ لیا جائے تب تک عید کا اعلان نہیں کیا جاسکتا، دوسری جانب ایک خبر یہ بھی ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کا چاند 4 جون کی شام کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش آج دوپہر 3 بجکر 2 منٹ پر ہوگی اور یہ 4 جون کی شام کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ اس دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف اور کبھی جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گزشتہ دنوں اگلے 5 سال کیلئے عید کی تاریخوں کااعلان کیا اوراپنا قمری کلینڈر لے کر میدان میں آگئے، جبکہ چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ بھی لانچ کردی۔فواد چوہدری نے موقف اختیار کیا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے آسانی سے پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ چاند کب دکھے گا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے پہلے ہی عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، وزارت داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات منگل 4 جون سے جمعہ 7 جون تک ہوں گی۔دوسری جانب وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا کہنا ہے کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل 4 جون بمطابق 29 رمضان المبارک 1440 ھ کو کراچی میں ہوگا۔ جبکہ فواد چودھری اس سے قبل ہی عید کا اعلان کر چکے ہیں۔