counter easy hit

ریکھا نے 20 سالوں بعد اسٹیج پر پرفارمنس پیش کی

ممبئی: بھارت کے مقبول ترین ایوارڈز آئیفا کی تقریب میں بھلے اس سال خانز نے شرکت نہ کی ہو، تاہم بولی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ ریکھا نے اس ایوارڈ کی شام کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔63 سالہ ریکھا نے 20 سالوں بعد اسٹیج پر پرفارمنس پیش کی، جہاں شائقین ان کے انداز کے دیوانے ہوگئے۔ریکھا نے 1978 میں ریلیز ہوئی اپنی فلم ’مقدر کا سکندر‘ کے کامیاب گانے ’سلام عشق‘ پر اور 1981 کی اپنی فلم ’امراؤ جان‘ کے گانے ’دل چیز کیا ہے آپ میری جان لیجیئے‘ پر پرفارمنس پیش کی۔یاد رہے کہ فلم ’مقدر کا سکندر‘ میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، جن کا نام طویل عرصے تک ریکھا کے ساتھ جوڑا گیا۔اس کے علاوہ انہوں نے 1960 کی یادگار ہندی فلم ’مغل اعاظم‘ کے گانے ’جب پیار کیا تو ڈرنا کیا‘ پر بھی رقص پیش کرکے سب کا دل جیت لیا۔اس پرفارمنس کے دوران ریکھا سنہری رنگ کی انارکلی فراک میں نظر آئیں۔ریکھا نے آئیفا ایوارڈز کی تقریب میں سفید رنگ کی نہایت خوبصورت ساڑھی پہن کر شرکت کی.ریکھا کے علاوہ اس سال کے آئیفا ایوارڈز میں ورن دھون، کارتک آرین، بوبی دیول، یولیا ونتور، شردہا کپور، رنبیر کپور، ارجن کپور اور کریتی سنن نے بہترین پرفارمنسز پیش کیں۔رنبیر کپور کی پرفارمنس کو بھی شائقین نے خوب سراہا۔اس سال آئیفا ایوارڈز میں نامور اداکار غیر حاضر رہے، جن میں رنویر سنگھ، دپیکا پڈوکون، کترینہ کیف، سونم کپور، کرینہ کپور، پریانکا چوپڑا، شاہد کپور، وانی کپور اور بہت سے دیگر اداکار شامل ہیں۔رواں سال کی آئیفا کی تقریب میں کرن جوہر اور ریتیش دیش مکھ نے میزبانی کی۔دوسری جانب بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان جن کی رواں ماہ 15 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ’ریس تھری‘ نے ابتدائی ہفتے میں 100 کروڑ روپے کماکر نیا اعزاز حاصل کیا تھا۔ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ انہوں نے اپنی آنے والی تیسری ایکشن فلم ’دبنگ 3‘ کے لیے نیا ولن ڈھونڈ لیا۔اگرچہ سلمان خان کی اس فلم کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہے اور کافی عرصے سے شائقین اس سیریز کی تیسری فلم کا انتظار کر رہے ہیں، تاہم اب اس فلم کے حوالے سے تازہ پیش رفت ہوئی ہے۔اطلاعات ہیں کہ سلمان خان کی اس رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم سیریز کی تیسری فلم میں ثاقب سلیم ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔فلم فیئر کی رپورٹ کے مطابق ’دبنگ تھری‘ میں انسپکٹر چلبل پانڈے یعنی سلمان خان ایک بار پھر ایک نئے ولن سے الجھتے نظر آئیں گے۔سلمان خان اس سے قبل بھی دبنگ کی دونوں فلموں میں الگ الگ ولن سے الجھتے نظر آئے تھے۔دبنگ کی پہلی فلم جسے 8 سال قبل 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا، اس میں سونو سود ولن کے روپ میں نظر آئے تھے۔اسی سیریز کی دوسری فلم جسے 2013 میں ریلیز کیا گیا تھا، اس میں بھی ایک نیا ولن یعنی پرکاش راج انسپکٹر چلبل پانڈے سے الجھتا نظر آیا تھا۔