ملتان: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایس ڈی او محمد عمران نے بیان ریکارڈ کرایا ہے کہ رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کی انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹلہ ابوالفتح میں واقع رہائش گاہ پر لگے میٹر سے گزشتہ 6 سال سے بجلی چوری کی جارہی تھی اور چھاپے کے وقت بھی میٹر پر ریڈنگ بند تھی جب کہ ریڈنگ کے وقت بھی رکن قومی اسمبلی کے گھر میں 3 اے سی اور دیگر برقی آلات استعمال ہورہے تھے۔ لاہور کی میٹرنگ اینڈ ٹیسٹینگ لیبارٹری نے بھی بجلی چوری کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب رہنما تحریک انصاف عامر ڈوگر نے بجلی چوری کے الزام کی تردید کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس میں اپنے اور پرائے دونوں شامل ہیں، انتخابات کے دن قریب اور ٹکٹوں کی تقسیم کا وقت ہے اس لئے اپنوں نے مخالفین کے ساتھ مل کر سازش تیار کی اور میری ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ مجھ پر جس میٹر سے 6 سال سے بجلی چوری کا الزام لگایا گیا ہے وہاں گزشتہ سال دسمبر میں اپنا رہائشی گھر بنایا تاہم پھر بھی میں مقدمے کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوں۔








