counter easy hit

کراچی میں ہفتے کو ہونے والےپیپلز پارٹی کے جلسے کی تیاریاں مکمل

پاکستان پیپلز پارٹی کے ہفتہ کو باغ جناح میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ جلسے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔

اس جلسے کے حوالے سے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے بتایا کہ جلسہ سانحہ 12 مئی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے ۔ جلسے میں تقریبا 40 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ 120 فٹ لمبا 40 فٹ چوڑا 20 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے ۔

Ready to prepare for PPP's rally in Karachiجلسے میں لائٹنگ اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ جلسہ گاہ کے اطراف پیپلز پارٹی کی ضلعی اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ اور دیگر کیمپ لگائے گئے ہیں ۔

جلسہ گاہ کے اطراف پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ جلسہ گاہ میں قائم اسٹیج کی سکیورٹی جانثاران شہید بے نظیر بھٹو سنبھالیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے کا آغاز4بجے سہ پہرہو گا ۔

وقار مہدی نے بتایا کہ اس جلسے میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا ۔

جلسے کے انتظامات کے جائزے کے لیے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، جنرل سیکرٹری وقار مہدی ، کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی ، جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری ، راشد ربانی ، نجمی عالم اور دیگر رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا ۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی جماعت ہے اور جمہوریت کے لیے پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ۔ کراچی کا امن کراب کرنے اور لسانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو شہر قائد کے عوام نے مسترد کر دیا ہے ۔

ککری گراؤنڈ ایف سی ایریا میں کامیاب جلسے کے بعد یہ جلسہ بھی کراچی کی تاریخ میں ایک بڑا عوامی اجتماع ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی میں مزید عوامی جلسے کرے گی اور آئندہ انتخابات میں کراچی سے پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی ۔

واضح رہے کہ جلسے کے انتظامات پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اور میزبانی پی پی پی ضلع شرقی کر رہی ہے اور پی پی پی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند ،عبدالرحیم وقاص شوکت اور دیگر رہنما پارٹی قیادت کی ہدایت پر جلسے کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔