counter easy hit

راولپنڈی کی ایک شخصیت پورے ملک میں آگ لگانے کے درپے ہے، رانا ثنااللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

فیصل آباد (یس ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی ایک شخصیت پورے ملک میں آگ لگانے کے درپے ہے جب کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے کارکنان شہر کے صرف 3 مقامات پر جمع ہوئے اور ہڑتال کی کال پر ناکامی دیکھ کر شہر میں جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی گئی۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے کارکنوں پر گولی چلانے والے شخص کی تصویر پیش کی جب کہ ان دونوں افراد کو بھی پیش کیا جنہیں تحریک انصاف کی جانب سے مقدمے میں مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما یعقوب مراسم کی ایما پردرج کی گئی ایف آئی آر میں انہوں نے اپنے محلے دار امتیاز کو مرکزی ملزم قرار دیا، اگر گولی چلانے والا امتیاز ولد سراج ہے تو فوٹیج میں نظر آنے والا شخص کون ہے جو فائرنگ کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ قتل کے مقدمے میں خود بھی شامل تفتیش ہوں گے اورجن افراد کو نامزد کیا گیا انہیں بھی پیش کریں گے تاہم پولیس اپنا کام کررہی ہے جب کہ پی ٹی آئی کے لوگوں سے پوچھ گچھ کی جائے گی اور جلد گولی چلانے والے کو پکڑ لیا جائے گا۔

سابق وزیرقانون پنجاب کا کہنا تھا کہ دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ پی ٹی آئی کارکنان پر فائرنگ کرنے والے شخص کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے نہیں اور نہ ہی یہ شخص اس حلقے میں رہتا ہے تاہم پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کی ایما پر درج کئے گئے مقدمے کی تحقیقات کے بعد سب کچھ سامنے آجائے گا اور جلد اصل حقائق تک پہنچ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی ایک شخصیت پورے ملک میں آگ لگانے کے درپے ہے جب کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے کارکنان شہر کے صرف 3 مقامات پر جمع ہوئے اور ہڑتال کی کال پر ناکامی دیکھ کر شہر میں جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ کسی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے کیا گیا ہو تاہم خدشہ ہے کہ شاید پی ٹی آئی کا ایجنڈا یہی ہے کہ ہر شہر میں جاکر اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں اپنے ہی لوگوں کی لاشیں گرائی جائیں اور خوف و ہراس پھیلا کر ہڑتال کو کامیاب کیا جائے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عارف علوی اوراسد عمر نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرکے اپنے کارکنوں کو میرے گھر کے باہر جمع ہونے کی ہدایت کی اور جلاؤ گھیراؤ کرنے پراکسایا جس کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔