counter easy hit

نیب راولپنڈی کا اسلام آبادمیں اعلیٰ عہدیدار کےگھر پر چھاپہ،کروڑوں روپے برآمد

اسلام آباد(ویب ڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب) قومی خزانے سے لوٹے گئے مال و دولت اور عوام کیساتھ دھوکہ کرنیوالے ملزمان کیخلاف متحرک ہے اور اب نیب راولپنڈی نے وفاقی دارلحکومت اسلام آبادمیں ایک اعلیٰ عہدیدار کےگھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے برآمد کرلئے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کو نیب ذرائع کی جانب سے بتائی گئی تفصیل کے مطابق اقوام متحدہ کی بیماریوں کی روک تھام کےمنصوبےمیں مبینہ خوردبرد کے معاملے میں نیب راولپنڈی نے ای پی آئی پروگرام کے ایک اعلیٰ عہدیدار کےگھر پر چھاپہ مارا ہے جس کے نتیجے میں گھر سے ایک کروڑروپے اور 9ہزارامریکی ڈالربرآمدہوئے ہیں، نیز10ہزارپاؤنڈبھی قبضے میں لےلیے گئےہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ من پسند افراد کو ٹھیکے دے کر ان سے کمیشن وصول کیا جاتا تھا اور برآمد کی گئی رقم بھی ایک کمپنی سے کمیشن میں لی گئی تھی ۔ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ بر آمد کی جانے والی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی جانی تھی جبکہ نیب کے چھاپے کے دوران ایک شخص کو حراست میں لے کر رقم کے ذرائع سے متعلق تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری طرف وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے بتایا ہے کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجے گئے 11 ارب ڈالر کا سراغ لگالیا گیاہے اور برطانیہ میں چھپے بھگوڑوں کی واپسی کیلئے معاہدہ جلد ہوگا، ملزمان کی حوالگی کے معاہدے سے لوٹی دولت کی واپسی ممکن ہوجائے گی ، یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین ، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور نوازشریف کے صاحبزادے بھی لندن میں ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں شہزاد اکبر نے بتایاکہ مجموعی طورپر چھبیس ممالک میں اثاثوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جن میں سے کچھ ممالک سے واپسی شرو ع ہوچکی ہے ، اگر کوئی حکومتی رکن بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہوا توا س کا بھی احتساب ہوگا۔

شہزاد اکبر نے بتایا کہ دبئی میں جائیدادیں چھپانے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہو چکا ہے، دبئی میں موجود جائیدادوں کی معلومات کے تبادلے کا معاہدہ آئندہ سال جنوری میں ہو جائے گا۔ مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں چھپے بھگوڑوں کی واپسی کے لیے بھی معاہدہ جلد ہوگا، ملزمان کی حوالگی کے معاہدے سے لوٹی دولت کی واپسی ممکن ہو گی، اب تک غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجے گئے 11 ارب ڈالرز کا سراغ لگا لیا گیا ہے جو صرف 26 ممالک کے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ بیرون ملک سے لائی گئی رقم ابھی کروڑوں میں ہے، منی لانڈرنگ کا پیسہ پاکستانی عوام کی فلاح پر خرچ ہو گا۔