counter easy hit

رینجرز کے آپریشن سے اب کراچی کے عوام الطاف حسین سے آزاد ہوجائیں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کا آپریشن دیر سے سہی پر درست ہوا اور اب ایم کیو ایم اور کراچی کے عوام الطاف حسین سے آزاد ہوجائیں گے۔

اسلام آباد میں چیرمین نادرا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ رینجرز کا ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپا درست ہے، رینجرز کا آپریشن دیر سے ہوا پھر بھی اسے مثبت سمجھتے ہیں۔ اب ایم کیو ایم اور کراچی کےعوام الطاف حسین سے آزاد ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے پاس مجرم اور اسلحہ ہو تو اس جماعت پر مکمل پابندی ہونی چاہئے، ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ہماری کارکن زہرہ شاہد کو کراچی میں قتل کیا جب کہ اگر ان کے دفتر سے اتنا اسلحہ ملتا اور قاتل چھپے ہوتے تو آفس سیل کردیا جاتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوجی عدالتیں بہت ضروری ہیں اور جب تک یہ مسئلہ مکمل طور پر حل نہیں ہوجاتا فوجی عدالتیں لگائی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی تصدیق کے بعد بہت جلد جعلی انتخابات کا احتساب ہوگا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) پیسے کے زور پر بار بار باریاں لیتی ہیں تاہم اب بہت جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔