counter easy hit

کرونا وائرس نے دنیا پرطویل ترین حکمرانی کرنے والی خاتون کی چھوٹی سی خوشی بھی چھین لی

اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کے باعث اس سال ملکہ برطانیہ ایلزبیتھ دوئم نے اپنی سالگرہ سادگی سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار ان کے لیے کسی بھی عوامی تقریب کا اہتمام نہ کیا جائے۔ ملکہ برطانیہ ہر سال 21 اپریل کو اپنی سالگرہ مناتی ہیں اور ان کی سالگرہ کے موقع پر نہ صرف سرکاری سطح پر تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے بلکہ عام افراد بھی ان کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقاریب کا اہتمام کرتے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ملکہ برطانیہ نے اپنی سالگرہ سے چند دن قبل ہی کہا ہے کہ وہ اس بار اپنی سالگرہ کے موقع پر کوئی عوامی تقریب منعقد نہیں کریں گی اور ان کی سالگرہ سادگی سے منائی جائے گی۔ انہوں نے برطانوی سرکار کو بھی کہا ہے کہ ان کی سالگرہ کے موقع پر انہیں سلامی دینے کے انتظامات بھی نہ کیے جائیں جب کہ ان کے اعزاز میں کسی بھی پارٹی کا اہتمام نہ کیا جائے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر انہوں نے پہلے ہی عوام اور حکومت کو خصوصی انتظامات کرنے کا کہا ہے اور انہوں نے پہلی بار کسی بیماری کے پیش نظر خصوصی خطاب بھی کیا تھا۔ ملکہ برطانیہ نے چند دن قبل قوم سے اپنے خصوصی اور اپنی زندگی کے اب تک چوتھے خطاب میں عوام کو کہا تھا کہ برطانوی حکومت، محکمہ صحت کے ملازمین اور عوام ضرور کورونا کو شکست دیں گے۔ ملکہ برطانیہ نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر شاہی محل بھی چھوڑ دیا تھا اور وہ دوسرے شاہی محل ونڈرسر منتقل ہوگئی تھیں۔ ملکہ برطانیہ کے بیٹے شہزادہ چارلس کو کورونا ہوگیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔ برطانیہ میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں پر 19 اپریل کی دوپہر تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار کے قریب جا پہنچی تھی۔

 

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website