counter easy hit

پنجاب کے میدانی علاقوں میں سخت سردی، لاہور میں سورج نے کرنیں بکھیر دیں

Shahi Mosque

Shahi Mosque

لاہور (یس ڈیسک) محکمہ موسمیات نے دھند کا سلسلہ مزید کئی روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

پنجاب کے میدانی اور شہری علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے تاہم آج سورج بھی کرنیں بکھیر رہا ہے جس کے باعث شہر کے اندر دھند کچھ کم ہے جبکہ شہر کے مضافات اور ایئر پورٹ پر دھند کا راج ہے۔ منگل کے روز پنجاب کے اکثر علاقے شدید ترین دھند کی لپیٹ میں رہے۔

شام ڈھلی تو مطلع قدرے صاف رہا لیکن رات ہوتے ہی دھند نے پھر سے ڈیرے جما لئے۔ حد نظر انتہائی کم ہونے کے بعد لاہور اور ملتان ایئر پورٹ سے فلائٹ آپریشن ایک بار پھر معطل کر دیا گیا۔

دھند کے باعث موٹر وے پر بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند جبکہ چھوٹی گاٰڑیا ں قافلے کی صورت چلائی جاتی رہیں۔ ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا، ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔ خون جماتی سردی نے بھی زندگی ٹھنڈی کر رکھی ہے۔

شمالی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے، گزرے چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی بارہ سینٹی گریڈ رہا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت ایک اور لاہور میں دو جبکہ دیر بالا میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے دھند کا سلسلہ مزید کئی روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے، کئی علاقوں میں کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔