counter easy hit

صدر ممنون حسین نے 25 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کر دیے

صدر مملکت ممنون حسین نے 25 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد قبائلی علاقے صوبہ خیبر پختونخوا کا باقاعدہ طور پر حصہ بن گئے ہیں اور ان علاقوں کے عوام کو ملک کے دیگر عوام کے مساوی آئینی حقوق حاصل ہو گئے ہیں۔

President Mamnoon Hussain signed the 25th constitutional amendmentآئینی ترمیم پر دستخط کے سلسلے میں جمعرات کو ایوان صدر میں سادہ مگر پر وقار تقریب ہوئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، فاٹا ریفارم کمیٹی کے سربراہ سرتاج عزیز، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جنرل(ر)ناصر جنجوعہ اوروزیر اعظم کے مشیر بیرسٹر ظفراللہ خان بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر ان علاقوں کے عوام کو دلی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی اقدام سے سابقہ قبائلی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھل گئے ہیں جس سے پاکستان مضبوط ہو گا اور خطے میں استحکام پیدا ہوگا۔

آئینی ترمیم پر دستخط کرنے کے بعد صدر مملکت نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی اورسابقہ قبائلی علاقوں کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قبائلی علاقوں کا انضمام ایک تاریخ ساز واقعہ ہے جسے کامیاب بنانے کے لیے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہے۔

فاٹاریفارم کمیٹی کے سربراہ اور پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے اس موقع پر کہا کہ اس آئینی ترمیم کے بعد قبائلی علاقے خیبر پختونخوا کا حصہ بن گئے ہیں اور ان علاقوں کے عوام کو ملک کے دیگر تمام علاقوں کے مساوی حقوق حاصل ہو گئے ہیں، سابقہ ایجنسیاں اضلاع میں بدل چکی ہیں جو اب مغربی اضلاع کہلائیں گی۔ اس طرح اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ڈپٹی کمشنرز میں بدل گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نئے تشکیل شدہ مغربی اضلاع کو دیگرعلاقوں کے برابر لانے کے لیے ایک ہزار ارب روپے خرچ کیے جائیں گے جن میں سے 30فیصد بلدیاتی اداروں کے ذریعے استعمال ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں تعلیم، علاج، کاروباراور رہائش کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے امن و امان کی صورت حال مزید بہتر ہوگی، خطے میں استحکام آئے گا ، اس لیے ضروری ہے کہ آئندہ نگراں اورمستقبل کی حکومتیں انہی خطوط پر کام جاری رکھیں۔