counter easy hit

پی آئی اے اور پالپا کے مذاکرات ناکام، تنازع طول پکڑ گیا، کروڑوں کا نقصان، مسافر خوار

PIA

PIA

اسلام آباد : ترجمان سول ایوی ایشن ڈویژن شیر علی خان کا پالپا سے مذاکرات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے لئے قومی مفادات پہلی ترجیح ہیں۔ پالپا کے مطالبات پی آئی اے مینجمنٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔

ہمیں پالپا کی پیشگی شرائط قبول نہیں ہیں۔ پالپا کے تینوں مطالبات مسترد کرتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پائلٹس کے رویہ کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حج فلائٹ سمیت تمام پروازوں کو یقینی بنانے کیلئے پی آئی اے فوری اقدامات کئے جائینگے۔

اُدھر پالپا کے صدر عامر ہاشمی کہتے ہیں مذاکرات میں پی آئی اے کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے قواعد و قوانین کے مطابق کوئی بات ناجائز نہیں کی۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ ہو سکتا ہے پی آئی اے والے لازمی سروسز ایکٹ لاگو کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب مذاکرات کی ناکامی سے مسافروں کی پریشانی اور مشکلات کم ہونے میں نہیں آ رہی ہے۔ پروازوں کی منسوخی سے مسافر دربدر خوار ہو رہے ہیں۔ نجی ائیر لائنز نے بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کرایوں میں یکدم 100 گنا سے بھی زیادہ اضافہ کر دیا ہے۔

کراچی اور اسلام آباد کے درمیان یکطرفہ کرایہ 27 ہزار روپے جبکہ کراچی اور لاہور کے درمیان 24 ہزار کر دیا گیا ہے۔ پروازوں کی منسوخی اور مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرانے کی وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نجی ائیر لائنز کے کرایوں میں اضافے پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے نجی ائیر لائنز کے کرایوں میں اضافے کے باعث مسافروں کو درپیش مشکلات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ نجی ائیر لائنز کے کرایوں میں اچانک اضافے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے حکم دیا کہ نجی ائیر لائنز کی جانب سے کرایوں میں اضافہ واپس کرایا جائے۔