counter easy hit

پیمرا نے عامر لیاقت پر پابندی عائد کردی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی پر عامر لیاقت حسین پر پابندی لگادی۔

PEMRA has banned on Amir liaquat

PEMRA has banned on Amir liaquat

پیمرا کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بول نیوز پر نشر ہونے والے عامر لیاقت حسین کے پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

عامر لیاقت حسین اور ان کے پروگرام پر یہ پابندی پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2007 کی دفعہ 27 کے تحت عائد کی گئی ہے۔پیمرا کے مطابق اگر نیوز چینل اس فیصلے کا اطلاق نہیں کرتا تو چینل کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔پیمرا کی پریس ریلیز کے مطابق مذکورہ اقدام کئی ہفتوں کی مسلسل نگرانی کے بعد اٹھایا گیا ہے، اس عرصہ میں عامر لیاقت نے پیمرا الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کی۔

بول نیوز کو جاری حکم نامہ کے مطابق عامر لیاقت بول نیوز کے کسی پروگرام (نئے یا نشرِ مکرر) میں بطور میزبان ،مہمان ، تبصرہ نگار، رپورٹر ، ایکٹر، اینکر پرسن، آڈیو یا وڈیو بیپر یا کسی بھی حیثیت میں شرکت نہیں کر سکیں گے نہ ہی انہیں اس چینل پر چلنے والی کسی اشتہاری مہم ، آڈیو یا وڈیو ریکارڈنگ کی اجازت ہوگی۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے اگر بول نیوز نے پیمرا کی ہدایات پر فوری عمل نہیں کیا اور اس پر عامر لیاقت یا اُس کاپروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ نشر ہوا تو اس کی نشریات فوری طور پر معطل کر دی جائیں گی۔پریس ریلیز کے مطابق عامر لیاقت کو کسی بھی دوسرے ٹی وی چینل پر نفرت انگیز مواد کا پرچار کرنے یا کسی شخص کو ’کافر‘ ،’غدار‘ ،’توہین رسالت‘ یا ’توہین مذہب‘ کا مرتکب قرار دینے کی اجازت نہیں کیونکہ پاکستانی آئین اور قانون کے مطابق اس طرح کے حساس معاملات پر فیصلے کا اختیار صرف پارلیمنٹ یااعلیٰ عدلیہ کے پاس ہے۔مزید برآں فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’اگر عامر لیاقت کسی اور ٹی وی چینل پر اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے تو اُس ٹی وی چینل کے خلاف بھی پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007)کی دفعہ 27کے تحت فوری کاروائی کی جائے گی۔

اس حوالے سے پاک سیٹ کوضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ پیمرا کی طرف سے جاری کئے جانے والے احکامات پر ان کی روح کے مطابق عمل ہو۔واضح رہے کہ پیمرا کو مذکورہ پروگرام اور اینکر کے خلاف سیکڑوں شکایات موصول ہوئیں جنہیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی شکایات کونسلز کو ضروری کارروائی کے لیے بھجوایا گیا۔واضح رہے کہ عامر لیاقت اور اُن کے پروگرام پر پابندی اُس وقت تک موثر رہے گی جب تک پیمرا اتھارٹی اُن کے خلاف شکایات پرمتعلقہ کونسلز کی سفارشات کی روشنی میں کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ جاتی۔

خیال رہے کہ جون 2016 میں بھی پیمرا کی جانب سے عامر لیاقت کی میزبانی میں نجی ٹی وی کے پروگرام ‘انعام گھر’ پر تین روز کی عارضی پابندی عائد کی گئی تھی۔عامر لیاقت حسین نے ایک پروگرام کے دوران ‘خودکشی کے مناظر’ دکھائے تھے جس پرپیمرا نے یہ نوٹس جاری کیا تھا۔بول نیوز پر ایسے نہیں چلے گا کی میزبانی سے قبل عامر لیاقت حسین جیو نیوز سے وابستہ تھے، جہاں رمضان ٹرانسمیشن سے ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، حال میں اپنے پروگرام ایسے نہیں چلے گا میں انہوں نے جیو کی انتظامیہ کے علاوہ متعدد سماجی کارکنوں کے خلاف بھی بات کی، ان پروگرامات میں منفی خیالات اجاگر کرنے پر سوشل میڈیا پر بھی ان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ مئی 2015 میں ایگزیکٹ کمپنی پر سامنے آنے والے الزامات کے بعد بول نیوز کی نشریات کو بند کردیا گیا تھا، گذشتہ سال ایگزیکٹ اور اس کے سربراہ شعیب صدیقی کے خلاف تمام مقدمات ختم ہونے کے بعد دسمبر 2016 میں بول نیوز کی نشریات کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website