counter easy hit

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کے حق میں میدان میں آ گئے،

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ ن لیگ کے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے حق میں میدان میں آ گئے ہیں اور ایسا اعلان کر دیا ہے کہ ممکنہ طور جان وزیراعظم عمران خان کو بھی یقین نہیں آئے گا۔ تفصیلات کے مطابق ریاض فتیانہ نے نجی ٹی وی جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں شرکت کی جہاں انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سعد رفیق کو 30 سال سے جانتا ہوں اور پیراگون سوسائٹی کیس میں کرپشن کا کوئی ایسا معاملہ نظر نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کو انصاف ملنا چاہیے اور یہ میری اپنی ذاتی رائے ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو کرپشن کیخلاف کارروائی کیلئے ووٹ دیا ہے اور اس وقت کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے نیب کے سیاستدانوں کے خلاف استعمال ہونے کے اپوزیشن کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نیب سیاستدانوں کیخلاف استعمال نہیں ہورہی، نیب میں صرف 3 فیصد سیاستدانوں اور باقی دیگر لوگوں کیخلاف کارروائی ہورہی ہے۔یاد رہے کہ خواجہ سعد رفیق اس وقت نیب کی تحویل میں ہیں اور احتساب عدالت نے ان کو 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا تھا۔ خواجہ سعد رفیق کو لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت واپس لینے پر خارج ہونے کے بعد کمرہ عدالت سے حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد انہیں نیب لاہور منتقل کیا گیا جہاں ان کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا ۔ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق پیراگون کرپشن سکینڈل میں زیر حراست ہیں۔