counter easy hit

پاکستان پولیو پھیلانے والے ممالک میں سرفہرست، عالمی ادارہ انسداد پولیو

Polio

Polio

اسلام آباد (یس ڈیسک) عالمی ادارہ برائے انسداد پولیو کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان پولیو پھیلانے والے ممالک میں سرفہرست ہے جبکہ ملک میں مزید 4 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پولیو مریضوں کی تعداد 235 ہوگئی جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے پولیو سے متعلق 5 نومبر کو اجلاس طلب کر
لیا۔

پولیو وائرس پھیلانے والے ممالک کی فہرست میں افغانستان 12 کیسز کے ساتھ دوسرے اور نائجیریا 6 پولیو کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پرہے، رواں سال پاکستان میں 200 سے زائد پولیو کیسز کے ساتھ 14 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا جبکہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں انسداد پولیو کیلئے اقدامات کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی ادارہ کی رپورٹ کے باوجود ملک میں مزید نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جبکہ آج سامنے آنے والے 4 کیسز میں سے 3 کا تعلق بلوچستان اور ایک کیس فاٹا سے رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد ملک بھر میں پولیو مریضوں کی تعداد 235 ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انسداد پولیو کیلئے اقدامات کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشن، ائیرپورٹ سمیت آمدورفت کے مختلف مقامات پر 1 کروڑ 10 لاکھ افراد کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے گئے جبکہ گذشتہ سال پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پینے والوں کی تعداد 80 لاکھ تھی۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے پولیو سے متعلق اجلاس 5 نومبرکو طلب کرلیا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائےاعلیٰ،چیف سیکریٹریزاورسیکریٹری ہیلتھ کو بھی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ گورنرخیبرپختونخوا کو فاٹا کی صورت حال کے باعث بھی طلب کیا گیا ہے۔