counter easy hit

دپیکا اور رنویر کی شادی پکی، تاریخ کا اعلان

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار جوڑے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ رواں برس نومبر میں ازدواجی بندھن میں بندھ جائیں گے۔

Pakika and Ranvir married, announce the dateبھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دپیکا اور رنویر سنگھ کی شادی رواں برس 10 نومبر کو منعقد کی جائے گی مگر اس حوالے سے ابھی مقام کو کوئی حتمی شکل نہیں دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ اور رنویر کی شادی کی تاریخ سامنے آنے سے تمام قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں مگر دونوں کے اہل خانہ نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی۔

بھارتی ذرائع کے مطابق دونوں اداکاروں کے والدین نے دو ہفتے قبل شادی کی تاریخ کا دن متعین کیا اور اس کے لیے انڈیا کے علاوہ کسی اور ملک کا مقام رکھا البتہ ایک تقریب بھارت میں بھی منعقد کی جائے گی۔

قبل ازیں رواں برس دونوں اداکاروں کی شادی کے حوالے سے خبر سامنے آئی تھی کہ پدمانی کی رانی اور راجہ نے شادی کی تاریخ کا حتمی فیصلہ کرلیا، جو بیرونِ ملک میں منعقد کی جائے گی اور اس تقریب میں صرف اہم دوستوں و عزیز و اقارب کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

میڈیا ذرائع کا کہنا یہ بھی کہنا ہے کہ ’ازدواجی بندھن میں بندھنے کے بعد دپیکا اور رنویر وطن واپس لوٹیں گے اور پھر ساتھی فنکاروں یا دیگر افراد کے لیے شاندار تقریب منعقد کریں گے‘۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے رواں سال کے آغاز پر انوشکا اور ویرات کوہلی کی شادی کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ ایک اور بالی ووڈ اداکارہ ساتھی فنکار کے ساتھ ازدواجی بندھن میں باندھنے جارہی ہیں۔

دپیکا اور رنویر سنگھ کی دوستی اور محبت کے چرچے میڈیا کی زینت بنتے آرہے ہیں بلکہ ایک بار تو یہ بھی دعویٰ سامنے آیا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہیں تاہم کچھ عرصے بعد دونوں کے تعلقات ختم ہونے کی خبریں بھی سامنے آئیں تھیں۔

بھارتی میڈیا کے ذرائع نے رواں سال جنوری میں خبر کچھ اس طرح دی تھی کہ رنویر سنگھ اور دپیکا جلد سری لنکا کی اڑان بھریں گے جس کے بعد اُن کے اہل خانہ منگنی کی تقریب کے منعقد کرنے کے لیے جگہ کا انتخاب بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے سنجے لیلا بھنسالی کی 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم رام لیلا، باجی راؤ مستانی میں کام کیا تھا تاہم چار سال بعد دونوں ایک بار پھر سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدمانی میں مرکزی کردار ادا کیا، دپیکا نے رانی پدمانی جبکہ رنویر نے بادشاہ علاؤالدین خلجی کا مشکل کردار ادا کیا تھا۔