counter easy hit

پاک بحریہ نے پاکستان کی سمندری حدود میں بھارتی درانداز کی کوشش ایک مرتبہ پھر سے ناکام بنا دی

کراچی: پاک بحریہ نے پاکستان کی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سُراغ لگایا اور بھارتی درانداز کی کوشش ایک مرتبہ پھر سے ناکام بنا دی۔ جس سے بھارت کو سمندری محاذ پر بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سُراغ لگایا تو بھارتی میڈیا نے نئی منطق پیش کر دی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت ٹی وی چینل ٹائمز ناؤ پر بھارتی رپورٹر نے بتایا کہ بھارت کے نیول چیف نے سمندری راستے سے دہشتگردی ہونے کے امکانات ظاہر کیے تھے۔ اطلاع تھی کہ پاکستان بھارتی بحریہ کے جہاز تباہ کرنے کے لیے سمندری راستے سے دہشتگردوں کو کشتیوں پر سوار کر کے بھیج رہا ہے جس کی وجہ سے بھارت نے اپنے دفاع میں بھارتی آبدوز کی مدد سے دہشتگردوں کو بھارت لانے والی کشتیوں کا سُراغ لگانے کے لیے یہ کارروائی کی۔ بھارتی رپورٹر نے کہا کہ گذشتہ روز بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے بھی آپریشن جاری ہونے سے متعلق بیان دیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے۔ کیونکہ پاکستان دہشتگردوں کو سپورٹ کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان پر دہشتگرد تنظیموں کو سپورٹ کرنے اور انہیں وی وی آئی پی پروٹوکول دینے کا الزام عائد کیا تھا جسے پاکستان بارہا مسترد کرچکا ہے۔

واضح رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے، جس سے بھارت کو جنگی محاذ پر پاکستان سے شکست ہوئی۔ 27 فروری کو ایک بھارتی پائلٹ کو بھی پاک فوج نے اپنی حراست میں لیا جس کو وزیراعظم عمران خان نے رہا کرنے کا اعلان کیا اور یوں پاکستان کو سفارتی سطح پر بھی کامیابی ملی اور بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جنگی اور سفارتی محاذ پر شکست کا سامنا کرنے کے بعد بھارت تلملا اُٹھا اور توقع کی جا رہی تھی کہ اببھارت سمندری حدود میں دراندازی کی کوشش کرے اور ایسا ہی ہوا۔ آج پاک بحریہ نے سمندری زون میں بھارت کی آبدوز کا سُراغ لگا کر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور بھارت ہمیشہ کی طرح پاکستان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکا۔