counter easy hit

فیاض کو پاک فضائیہ نے شاندار سرپرائز دے دیا

عارف والا: عارف والا کے نواحی علاقے تبور کے رہائشی فیاض اس وقت میڈیا کی نظروں میں آئے جب وہ اپنے بنائے ہوئے طیارے پر آزمائشی پرواز کرنے کے بعد لینڈنگ کر رہے تھے پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق فیاض کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے اس کا طیارہ بھی قبضے میں لے لیا تاہم بعدازاں انہوں نے متعلقہ عدالت سے ضمانت حاصل کی لیکن ان کا طیارہ مسلسل پولیس کی تحویل میں تھا جسے واپس حاصل کرنے کیلئے انہوں نے کافی تگ و دو کی اور آخر کار ان کی آواز اوپر تک پہنچ ہی گئی ۔فیاض کی کاوش کو سراہتے ہوئے ان کا طیارہ واپس کیاگیا اور خوب داد بھی دی گئی تاہم اب پاک فضائیہ کی جانب سے فیاض کی اس شاندار کاوش پر اسے خوب سراہا گیا ہے۔

فیاض دراصل پاپ کارن فروخت کرتا ہے اور اس نے جیسے تیسے کر کے اپنا سارا سرمایہ اس جہاز کی تیاری پر لگا دیا، فیاض نے اپنے طیارے میں انجن روڈ کٹر کا لگایا جبکہ اس کے پر فائبر سے بنائے گئے اور رکشے کے ویل لگائے۔ فیاض کا کہنا تھا کہ میں نے جہاز تیار کرنے کی ترکیب ویڈیو کلپس اور آن سرچ کرنے سے سیکھی اور جب اس پر پہلی پرواز کی تو میں بہت خوش تھا۔ پاک فضائیہ کے نمائندوں نے متعدد بار فیاض سے ملاقات کی اور اسے اس کمال مہارت پر اعزازی سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا تاہم اب دور دور سے لوگ فیاض کا طیارہ دیکھنے کیلئے اس کے گھر آتے ہیں جو کہ اس نے اپنے گھر کے خالی صحن میں کھڑا کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ نومبر 2018 میں دنیا کے گرد فضائی چکر لگانے والے پہلے پاکستانی فخر عالم نے پاک پتن کے غریب ریڑھی بیان فیاض کی حمایت میں اپنی آواز بلند کی تھی۔ غریب آدمی نے اپنے وسائل سے طیارہ بنا ڈالا جو بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ طیارہ بنانے والے نوجوان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ پاکستان ایساملک نہیں جس میں ایجادات، ٹیکنالوجی پر سزا ہو۔ فخر عالم نے طیارے میں سفر کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا اور بولے کہ کوشش کروں گا میں وہ طیارہ خود اڑاؤں۔ فخر عالم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی اپنی ٹویٹس میں فیاض نامی باصلاحیت ریڑھی بان کی تعریف کرتے ہوئے اس کے بنائے گئے طیارے کی تصاویر پوسٹ کیں اور کام کو سراہا۔