counter easy hit

نارویجن پاکستانیوں کو پاکستان میں اسلحہ کے لائسنس کے حصول سمیت متعدد مشکلات کا سامنا ہے، چوہدری اسماعیل

Dinner for Journalists

Dinner for Journalists

اوسلو (پ۔ر) اووسیز پاکستانیوں بشمول نارویجن پاکستانیوں کو پاکستان میں اسلحہ لائسنس سمیت دیگرضروری دستاویزات کے حصول کے لیے متعدد مشکلات کاسامناہے۔ ان خیالات کااظہارمقررین نے پاک۔ناروے فورم کے چیف آرگنائزرچوہدری اسماعیل سرور کی طرف سے پاکستانی دانشوروں اور صحافیوں کے اعزازمیں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری اسماعیل سرورنے اسلحہ لائسنس کے حصول میں درپیش مشکلات کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ نارویجن پاکستانیوں سمیت سنگل شہریت رکھنے والے اووسیزپاکستانیوں کے پاس پاکستان اوریجن کارڈہوتاہے جس کاریکارڈ تصدیق کرنے کے لیے اسلحہ لائسنس کا اجراء کرنے والے محکمے کے پاس کوئی انتظام نہیں ۔انھوں نے کہاکہ پاکستان میں سیکورٹی کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہورہاہے اور دیگر پاکستانیوں کی طرح پاکستان میں رہنے کے لئے اووسیزپاکستانیوں کو بھی اپنے حفاظتی انتظامات کی ضرورت رہتی ہے۔

لیکن جب وہ اسلحہ لائسنس بنوانے محکمہ داخلہ کے پاس جاتے ہیں تو محکمے کے پاس ان کے اوریجن کارڈ کو تصدیق کرنے کے لئے کوئی انتظام نہیں۔۔ حکومت کو چاہیے کہ اس مسئلے کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے۔ داخلہ امورسے متعلق صوبائی اور مرکزی محکمہ جات کو کمپیوٹر کے ذریعے نادرا کے سسٹم سے منسلک کیاجائے تاکہ درخواست دہندہ کے لئے آسانی پیداہو۔ اس کے علاوہ اووسیزپاکستانیوں کونادرا سمیت دیگر محکموں سے متعلق بھی مسائل ہیں جنہیں ترجیح بنیادوں پر حل کیاجائے۔

تقریب سے چوہدری اسماعیل سرورکے علاوہ اوسلوسٹی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹرمبشربنارس، قیادت ٹی وی کے چیف ایگزیکٹوچوہدری شریف گوندل ، اوسلوٹی وی کے چیف ارشدوحید چوہدری ، ریسرچ سکالرسید سبطین شاہ، چیف ایڈیٹر گجرات لینک، امجدفاروق،اوسلوٹی وی کے چیف چوہدری ارشد وحید، پاک۔ناروے ٹائمزکے چیف میاں صفدراور چوہدری افتخارنازنے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران دنیاٹی وی کے مایہ ناز صحافی عقیل قادر، دیس پردیس کے چیف ایڈیٹر عرفان راجہ ، چیئرمین ہیومن سروسزناروے چوہدری غلام سرور، پاک۔ناروے فورم کے اعلیٰ عہدیدار چوہدری وسیم شہزاد، محمدعباس مہمندچک، چوہدری پرویزاختربھٹی، چوہدری جاوید سرور اور راجہ عاشق حسین بھی موجودتھے۔

ڈاکٹرمبشربنارس نے کہاکہ ان کی کوشش ہے کہ نارویجن پاکستانیوں کے ناروے اور پاکستان میں مسائل کے حل کے لئے ہرممکن سعی کی جائے ۔ سید سبطین شاہ نے کہاکہ بحیثیت لکھاری فرض بنتاہے کہ میڈیاکے ذریعے ان مسائل کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایاجائے۔ چوہدری ارشدوحید نے کہاکہ مسائل کو حکام بالاتک پہنچانے میں ہم اپنا فرض پورا کریں گے۔ میاں صفدر نے کہاکہ پاکستان میں حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔امید ہے کہ مسائل پر قابوپالیاجائے گا۔

چوہدری شریف گوندل نے ناروے میں مقیم پاکستانی صحافیوں کے مسائل پیش کئے۔ چوہدری افتخار نازنے کہاکہ میڈیامسائل کو بہترطریقے سے اجاگرکرسکتاہے اور اس طرح مسائل کے حل میں مد دمل سکتی ہے۔امجدفاروق نے بتایاکہ انھوں نے گجرات لینک کے علاوہ روزنامہ تصویروطن کی ذمہ داری بھی سنبھال لی ہے اوروہ اپنے صحافتی اداروں کوانسانی فلاح و بہبود کے لئے بھی استعمال کریں گے۔

اس موقع پر بعض شخصیات کی طرف سے اوسلومیں پاکستانی صحافیوں کے لیے پریس کلب کے قیام کی تجویزپیش کی گئی جسے ابتدائی طورپر منظورکیاگیا۔بتایاگیاکہ اس منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لئے پرمزیدکام کیاجائے گا۔تجویزکے مطابق ، اس پریس کلب میں ناروے میں مقیم پاکستانیوں صحافیوں کو رکن بنایاجائے گا تاکہ وہ منظم طورپر نہ صرف اپنے مسائل حل کروائیں بلکہ نارویجن پاکستانیوں کے مسائل کے لیے بھی معاون ثابت ہوں۔