counter easy hit

نئے سال کے موقع پر مختلف سپین کے دارلحکومت میڈرڈ سمیت یورپی شہروں میں سخت حفاظتی انتظامات

New Year Security

New Year Security

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) نئے سال کے موقع پر مختلف سپین کے دارلحکومت میڈرڈ سمیت یورپی شہروں میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بلجیم کے دارالحکومت میں نئے سال کے موقع پر سرکاری سطح پر ہونے والی آتش بازی منسوخ کر دی گئی ہے۔برسلز میں پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے نئے سال کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کی کارروائیوں سے تعلق کے شبہے میں چھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب دنیا کے بیشتر شہروں میں نئے سال کی تقریبات کے موقعے پر سکیورٹی انتہائی سخت کی گئی ہے۔یہ گرفتاریاں شہر کے نواح میں چھاپوں کے دوران عمل میں آئیں، گرفتار کیے جانے والے چھ افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ان علاقوں میں مولنبیک بھی شامل ہے جہاں پیرس حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی۔ برسلز کے میئر نے بتایا کہ دہشت گردی کے کسی ممکنہ خطرے کے پیش نظر یہ فیصلہ ملکی وزیر داخلہ کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہر کے مرکز میں ہونے والی دیگر تقریبات کو بھی منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔سپین کے دارلحکومت میڈرڈ میں بھی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور چھ سو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے،جن میں سیکورٹی اہلکاروں کے علاوہ فائیر بریگیڈ کے ورکرز اور طبی امداد کا عملہ شامل ہے اور میڈرڈ کی تاریخ میں پہلی بار ایسے حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسی طرح برلن، پیرس، ایمسٹرڈم اور لندن میں نئے سال کی تقریبات کے دوران پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

برطانوی پولیس نے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز کے موقع پر لندن میں مزید مسلح پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ پولیس کے مطابق لندن کے وسطی علاقے میں تین ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ پولیس کی طرف سے دہشت گردی کے خطرات کو انتہائی قرار دیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ حملے کا امکان کافی زیادہ ہے۔ اس علاقے میں دریا کے کنارے نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ پولیس کی طرف سے اس فیصلے کو حفاظتی اقدام قرار دیا گیا ہے۔ ترکی میں سکیورٹی کے حکام نے دارالحکومت انقرہ میں سال نو کی تقریبات پر دہشت گردانہ حملے کے ایک منصوبے کو ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے۔ترکی کی پولیس نے انقرہ میں سال نو کی تقریبات پر حملے کے شبہے میں دولت اسلامیہ سے تعلق رکھنے والے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یہ افراد شام کی سرحد سے ترکی میں داخل ہوئے تھے اور بھیڑ والی دو جگہوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔بعد میں پولیس نے چھاپہ مار کر خود کش حملے کی بیلٹ اور دھماکہ خیز مواد بر آمد کیا۔برلن میں بھی اس موقع پر لوگوں کو بیگ لیے جانے اور آتش بازی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ برینڈن برگ گیٹ کے سامنے فین مائل پر بیگ کی تلاشی لیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس جگہ کو کرسمس کےموقع پر بند کیا گیا تھا اور تب سے تقریبا بند ہی پڑی ہے۔فرانس میں سالِ نو کی تقریبات کے موقع پر 60 ہزار پولیس اور فوجی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔ پیرس کے میئر این ہیڈالگو کا کہنا ہے کہ ہم نے اس نئے سال کو دھوم دھڑکے کے بغیر ایک ایسے انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے جو ہمارے جذبات کا عکاس ہو۔