counter easy hit

نواز شریف ، مریم نواز کل لندن روانہ ہوں گے

لاہور; سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز شریف کے ہمراہ کل لندن روانہ ہوں گے۔ اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما لندن میں بیگم کلثوم نواز شریف کی عیادت بھی کریں گے جو اس وقت علالت کی وجہ سے لندن کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

Nawaz Sharif, Mary Nawaz tomorrow will leave Londonاس سے قبل لاہور میں کاغذات نامزدگی کی تصدیق کے لئے سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ عید کی چھٹیاں لندن میں اپنی والدہ کے ساتھ منائیں گی۔

اس سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا تھا کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو پاکستان سے بیرون ملک جانے سے نہیں روکا، دونوں سیاسی رہنمائوں نے آج تک بیرون ملک جانے کی اجازت لینے کیلئے باضابطہ طور پر عدالت سے رجوع ہی نہیں کیا ، ہم نے کبھی کسی کو اپنے رشتہ داروں کی عیادت سے نہیں روکا اور نہ روکیں گے۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف اس وقت نیب عدالتوں میں مختلف کیسز کی سماعت جاری ہے۔ کیسز کی سماعت کے حوالے سے نواز شریف کا کہنا ہے وہ کیس میں اسی سے زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں ہوسکا۔ نواز شریف نے کچھ روز قبل کیس کی سماعت کے موقع پر گلہ کیا تھا کہ انہیں بیرون ملک جانے اور اپنی اہلیہ کی عیادت کی اجازت نہیں دی جا رہی جو سراسرغیر اخلاقی ہے، انہیں اپنی اہلیہ کی تیمار داری کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ نواز شریف یا ان کی بیٹی کے کلثوم نواز کی عیادت کیلئے بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی عائد نہیں ، وہ اگر بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو عدالت سے درخواست کریں انہیں اجازت مل جائے گی۔

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز شریف لاہور کے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئی تھیں لیکن علالت کی وجہ سے وہ قومی اسمبلی کا نہ تو حلف اٹھا سکیں اور نہ ہی اسمبلی کے کسی اجلاس میں شریک ہوسکیں۔