counter easy hit

قومی شاہراہوں کی تعمیر سیاسی مفادات سے بالا رہتے ہوئے جاری رہے گی، مجلس قائمہ برائے مواصلات

قومی شاہراہوں کی تعمیر سیاسی مفادات سے بالا رہتے ہوئے جاری رہے گی۔ پشاور نادرن بائی پاس کی تعمیر کو تیز کیا جائے۔ مجلس قائمہ برائے مواصلات

National highways will be built with apolitical spirit Standing Committeeپشاور: (ویب ڈیسک) قومی شاہراہوں کی تعمیر کو سیاسی مفادات سے بالاتر رکھتے ہوئے جاری رکھا جائے گا۔ پشاور نادرن بائی پاس کی تعمیر کو تیز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات نے پشاور میں منعقد اجلاس میں کیا۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ گلگت تا شندور تا چترال روڈ پاک چائنہ کوریڈور کا حصہ بن گئی ہے۔ البتہ  شندور تا چترال حصہ ابھی تک صوبائی حکومت کے زیر اثر ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت اور صوبائی محکمہ شاہرات اور این ایچ اے جلد از جلد اس سلسلے میں ضروری کارروائی کر کے اس کو وفاق کے حوالے کردے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ عنقریب ما لا کنڈ   ٹنل پر بھی کام شروع کردیا جائے گا۔ کمیٹی نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ 10 سال سے زیادہ عرصہ گذر جانے کے باوجود بھی پشاور نادرن بائی پاس مکمل نہیں ہو سکا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ نادرن بائی پاس کے تین حصوں پر کام جاری ہے۔ البتہ  3۔ بی حصہ پر زمین کی حوالگی ہو گئی ہے اور عنقریب وہاں پر کام شروع ہو جائے گا۔ مجلس قائمہ برائے مواصلات نے ہدایت کی کہ این ایچ اے جلد از جلد متاثرین ِ زمین کو ادائیگی کرے اورنادرن بائی پاس کو بروقت مکمل کیا جائے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ سوات ایکسپریس وے پر کام جاری ہے اور صوبائی حکومت ایف ڈبلیو او کے ذریعے اس کو بنا رہی ہے۔ تاہم موٹروے سے اس کو انٹرچینج بنانے کا این او سی نہیں ملا۔ اس پر کمیٹی نے ایک چار رکنی ذیلی کمیٹی بنا دی جس کے سربراہ ایم این اے سلیم رحمٰن ہونگے جبکہ ممبران انجینئر عثمان خان ترکئی ، انجینئر حامد الحق خلیل اور صاحبزادہ طارق اللہ   ہونگے۔ مجلس قائمہ نے قرار دیا کہ قومی شاہراہوں کے تمام منصوبے سیاسی سوچ سے بالاتر رہیں گے۔ اور قومی منصوبوں کی راہ میں کبھی بھی کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ لہذا صوبائی محکمہ شاہرات اور قومی محکمہ شاہرات مل کر ہمیشہ عوامی منصوبوں کو بروقت مکمل کریں تاکہ عوام کی سہولت پر کوئی تاخیر نہ برتی جائے۔

مجلس قائمہ کے اجلاس کی صدارت، چیئرمین محمد مزمل قریشی صاحب نے کی ، جبکہ دیگر معزز ممبران قومی اسمبلی جناب طارق اللہ صاحب ، جناب نذیر احمد بگھیوصاحب، جناب سنجے  پروانی صاحب، جناب رمیش لال صاحب، انجینئر حامد الحق خلیل صاحب، انجینئر عثمان خان ترکئی صاحب، جناب سلیم رحمٰن صاحب، جناب سرزمین خان صاحب اور محترمہ نسیمہ حفیظ پانزئی نےشرکت کی۔ اسکے علاوہ محکمہ قومی شاہرات، محکمہ صوبائی شاہرات خیبر پختونخواہ کے اعلیٰ افسران سمیت ڈی سی پشاور بھی شریک ہوئے۔