counter easy hit

مسلم لیگ کی بھاری اکثریت سے کامیابی دھرنا سیاست کے منہ پر طمانچہ ہے، میرعبدالقدیر

Mir Abdul Qadeer

Mir Abdul Qadeer

فرانس (اشفاق چودھری) پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے سینئر رہنما میرعبدالقدیر نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ کی بھاری اکثریت سے کامیابی “دھرنا سیاست” کے منہ پر طمانچہ ہے۔ پاکستان کا سیاسی میدان فتح کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی اس بد ترین ناکامی سے سبق سیکھیں اور سیاست سے تائب ہو کر عوام کی جان چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ عوام کا پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائد محترم میاں نوا شریف کی قیادت اور قومی خدمات پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔

انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام دھونس، دھاندلی اور گالیوں کی سیاست اور جمہوریت پر یقین نہیں رکھتے بلکہ سچائی اور سچی خدمت پر ان کا پختہ عقیدہ ہے۔ میر عبدالقدیر نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے پچھلے عام انتخابات میں دھاندلی کا واویلا مچایا اور احتجاج اور دھرنا سیاست کر کے ملک اور قوم کے دو اڑھائی سال برباد کئے۔ جس کی سزا عوام نے بلدیاتی انتخابات میں انہیں عبرت ناک شکست سے دوچار کر کے بدلہ چکا لیا ہے۔

اب عمران خان کے لئے بہتر راستہ یہی ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ خیبر پختونخوا پر مرکوز کریں اور ان کے مسائل حل کریں تاکہ جن لوگوں نے انہیں ووٹ دینے کی غلطی کی تھی وہ زیادہ پشیمانی محسوس نہ کریں۔ انہوں نے خیر پور میں گیارہ افراد کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ لاقانونیت کی بد ترین مثال ہے، یہ کوئی سوچی سمجھی سازش بھی ہو سکتی ہے، حکومت سندھ واقعہ کا سختی سے نوٹس لے اور چھان بین کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم کرے جو ملزموں کا تعین کرے تاکہ ملزمان کو جلد قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔