counter easy hit

بلدیاتی انتخابات، زرداری کی عوام سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر سینیٹر خانزادہ خان کی سربراہی میں ایک وفد نے اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور پی پی پی پارلیمنٹیرینز کی نائب صدر شیری رحمن بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

آصف علی زرادری نے کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے لئے جلد پشاور کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے صوبائی صدر کو دورے سے قبل تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ شریک چیئرمین نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پارٹی تمام سطح پر انتخابات میں حصہ لے گی۔

مختلف سطح پر امیدواروں کے چنائو کے لئے کمیٹیاں بنانے کی ہدایات بھی کر دی گئی ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں اور یہ ضروری ہے کہ ان کے لئے انتخابات پارٹی کی بنیاد پر ہوں۔