مردان پولیس نے مشال قتل کیس کے ایک اور ملزم اظہار عرف جونی کو تھانہ صدر کی حدود سے گرفتار کرلیا،ملزم کے پاس سے کلاشنکوف اورایک پستول برآمد ہوئی ہے، مشال قتل کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد 58 ہوگئی۔

واضح رہےکہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے اپنی رپورٹ میںانکشاف کیا تھا کہ قتل باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، جس میں یونیورسٹی ملازمین بھی ملوث تھے‘مشال اور اس کے ساتھیوں کے خلاف توہین رسالت یا مذہب کے شواہد نہیں ملے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک مخصوص سیاسی گروہ کو مشال کی سرگرمیوں سے خطرہ تھا جبکہ مشال خان یونیورسٹی میں بے ضابطگيوں کے خلاف بھی کھل کر بات کرتاتھاجس کی وجہ سے یونیورسٹی انتظامیہ ان سے خوفزدہ تھی۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق مخصوص گروپ نے توہین رسالت کے نام پر لوگوں کو مشال خان کے خلاف اکساکر قتل کیا گیا۔








