کرتارپورراہداری سے نہ صرف ریجن بلکہ عالمی سطح پرپاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، عابد ملک

پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین)پاکستان تحریک انصاف فرانس کے صدارتی امیدوار عابد ملک نے کرتارپورراہداری کو پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ  سکھ مذہب کے روحانی پیشوا باباگورونانک سے منسوب کرتارپور کوزیارت گاہ بنانے کے سکھ کمیونٹی کے 70 سالہ پرانے مطالبے پرعملدراآمد کروا کے تاریخی اقدام کیا گیا ہے جسکو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائیگا۔

سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے تمام افراد پوری دنیا میں خوشی سے پاگل ہورہے ہیں جیسے انھیں اس دنیا کی ساری خوشیاں وزیراعظم عمران خان نے عطا کردی ہوں اس لئے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کو منفرد مقام حاصل ہوا ہے۔

راہداری کھلنے کے بعد اب بھارتی سکھ یاتری اپنےمذہب کے بانی بابا گورونانک کی آخری آرام گاہ گوردوارے پر براہ راست جا سکیں گے۔گوردوارہ دربار صاحب بھارتی سرحد سے صرف چار کلومیٹر دور پاکستان کے ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ میں واقع ہے۔یہ سکھ مذہب کے پیروکاروں کا ایک مقدس مقام ہے۔ یہیں بابا گورونانک نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے۔  اس لئے یہ مقام دنیا بھر کے سکھوں کیلئے انتہائی مقدس ہے  اور عالمی سطح پر جہاں جہاں سکھ برادری کے لوگ ہیں وہ پاکستان کے سفیر بننے میں خوشی محسوس کر رہے ہیں  یہ پاکستان کیلئے عظیم فتح ہے۔