counter easy hit

ماہرہ خان نے فلم بن روئے میں بہترین اداکاری پر مصالحہ ایوارڈ جیت لیا

Mahira Khan

Mahira Khan

دبئی : اپنی بے ساختہ اداکاری اور گلیمرس اسٹائل سے پاکستانی اور بھارتی پرستاروں کے دل جیتنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے فلم ’’بن روئے‘‘ میں بہترین اداکاری پر ’’مصالحہ ایوارڈ 2015 ‘‘ جیت کر ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

سائوتھ ایشیا کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو سراہنے کے لیے ’’مصالحہ ایوارڈز ‘‘ کی رنگا رنگ تقریب دبئی میں منعقد ہوئی، جس میں بالی وڈ اور پاکستانی فلم وٹی وی کے اسٹارز نے شرکت کر کے چار چاند لگا دیے۔

ماہرہ خان نے ایوارڈ قبول کرنے کے بعد اپنی تقریر میں کہا ’’آج اس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر میں پاکستانی سینما کی نمائندگی کر رہی ہوں جو خوشی کی بات ہے‘‘ رپورٹ کے مطابق، مائرہ خان کے ساتھ ساتھ فرحان سعید نے نصرت فتح علی خان کی قوالی ’ہلکا ہلکا سرور‘ عمدہ انداز میں پیش کرکے محفل لوٹ لی۔ فرحا ن سعید کو ‘’موسٹ پرامیسنگ سنگر‘‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ورون دھون کو بہترین اداکار کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔ سوناکشی سنہا کی انرجی سے بھرپور پرفارمنس پر تقریب کے شرکا جھوم اٹھے جب کہ جیکولین فرننڈس نے ’’اسٹائل آئیکون ایوارڈ‘‘ اپنے نام کیا۔

ماہرہ خان مصالحہ ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی آرٹسٹ نہیں، گزشتہ سال سونم کپور کے ساتھ فلم ’’خوبصورت‘‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والے فواد خان کو بہترین بالی ووڈ ڈبیو کا ایوارڈ ملا تھا اور عمائمہ ملک کو پاکستانی سینما کی ’’بریک تھرو پرفارمر‘‘ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ تقریب میں فریحہ الطاف، صنم سعید اور دیگر پاکستانی اسٹارز نے بھی شرکت کی۔