counter easy hit

لندن میں تحریک انصاف اور جے یو آئی (ف) کے کارکنوں میں جھگڑا

Fazlur Rehman

Fazlur Rehman

لندن (یس ڈیسک) لندن میں جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نعرے بازی کی، اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں ميں جھگڑا بھی ہوا اور مبینہ طور پر فضل الرحمان پر حملے کی کوشش بھی گئی۔

لندن میں جے یو آئی ف اور تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آ گئے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے مولانا فضل الرحمان کو گھیر لیا، ان کے خلاف نعرے بھی لگائے لیکن دونوں جماعتوں کے درمیان بڑا تصادم ہونے سے بچ گیا۔

لندن کے نیو ساؤتھ ہال میں صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب مولانا فضل الرحمان پارٹی کے رہنما خالد سومرو کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کے بعد ہال سے باہر آرہے تھے، اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ان کے خلاف نعرے لگائے لیکن کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے جے یو آئی ف کے کارکنوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپنے حصار میں لے لیا۔

دوسری طرف پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ انہوں نے مولانا پر حملہ نہيں کیا، بلکہ جے یو آئی کے کارکنوں نے حملہ کر کے ان کے ایک ساتھی کو زخمی کیا، جس پر تشدد کی پولیس کو رپورٹ کرا سکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کسی قسم کے تشدد کی حمایت نہیں کریں گے،اسلام میں غنڈاگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ تصادم سے پہلے اسی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا تھاکہ دھرنوں کی میڈیا کوریج بند کر دی جائے تو ملک کے حالات جلد نارمل ہو جائیں گے۔