counter easy hit

لاہور قلندرز کے باولر حارث روف کو میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ

شارجہ: پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ شب ملتان سلطانز کیخلاف میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر لاہور قلندرز کے باولر حارث روف کو میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حارث روف نے ملتان سلطانز کے کھلاڑی ’ڈین کرشچن‘ کو 19.1 اوور میں آوٹ کیا اور وہ وکٹ پر بھاگتے ہوئے کھلاڑی کے سامنے آ کھڑے ہوئے اور انہوں نے اس دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نامناسب رویہ اختیار کیا جس سے کھیل کی روح کو نقصان پہنچا۔ حارث روف کو الزام ثابت ہونے پر انہیں میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ کر دیا گیا ہے۔

دوسری طرف لاہور قلندرز نے گزشتہ شب سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست سے دوچار کردیا ہے جس کا کریڈٹ اے بی ڈویلیئرز اور فخر زمان کی شاندار کارکردگی کو جاتا ہے۔ لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈویلیئرز نے گزشتہ روز شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی ایسی شاٹس کھیلیں کہ سٹیڈیم میں بیٹھے شائقین کرکٹ دنگ رہ گئے اور یہاں تک کہ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ پائے۔ اے بی ڈویلیئر کی جانب سے میچ کے آخری مراحل میں پیچھے سلپ کی جانب گھوم کو چھکا لگایا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے اور اس شاندا ر چھکے پر بھی علی ترین نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ تو بہت ہی شاندار تھا۔“ یاد رہے کہ اس سے قبل شہباز شریف کی جانب سے لاہور قلندرز کو بہترین کارکردگی اور اچھی کامیابی پر مبارک باد دی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 4 کے 10ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 200 رنز بنا ڈالے۔ لاہور قلندرز نے 201 رنز کا ہدف 20ویں اوور کی آخری گیند پر پورا کیا، ڈیوڈ ویز اور ابراہم ڈی ویلیئرز کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 98 رنز کی شراکت ہوئی، دونوں نے آخری 5اوورز میں 73 رنز جوڑے۔لاہور قلندرز کے کپتان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 اور ڈیوڈ ویز نے 20 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے 5 چھکے لگائے۔اس سے قبل فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی، انہوں نے 35 گیندوں پر 63 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، سہیل اختر 10، سلمان بٹ 17 اور آغا سلمان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، برینڈن ٹیلر انجری کے سبب ایک رن پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان نے 39 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد الیاس کو 44 رنز کے بدلے ایک وکٹ ملی۔ لاہور قلندرز کے کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔