counter easy hit

لاہور ہائی کورٹ کے 4 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی سفارش

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (یس ڈیسک) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائی کورٹ کے 4 ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے، 6 ججز کی مدت میں ایک سال کی توسیع جب کہ 3 ایڈیشنل ججز کو عہدے سے فارغ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے 2 ججز کو مستقل کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ اعلی عدلیہ میں ججز تقرری کے کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں لاہور کے 14 اور پشاور ہائی کورٹ کے 2 ایڈیشنل ججز کو مستقل کیے جانے پر غور کیا گیا۔

کمیشن نے تمام ججز کی کارکردگی دیکھتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس شاہد بلال، جسٹس عاطر محمود ملک اور جسٹس عابد عزیز شیخ کو مستقل جج بنانے کی سفارش کی۔ کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے 6 ایڈیشنل ججز کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کی سفارش بھی کی ہے، جن میں جسٹس جیمز جوزف، جسٹس ظفر اللہ خاکوانی، جسٹس شمس مرزا جسٹس شاہد جمیل، جسٹس شہباز رضوی، جسٹس فیصل زمان خان شامل ہیں۔

جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججز شاہ خاور، اسکندر ذوالقرنین اور شہزادہ مظہر عالم کو فارغ کرنے کی سفارش کی ہے۔ کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے 2 ایڈشنل ججز جسٹس داؤد خان اور جسٹس سید افسر شاہ کو مستقل کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔