counter easy hit

کراچی : شاہ لطیف میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ، 12 اہلکاروں سمیت 15 زخمی

Karachi Blast

Karachi Blast

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں بارہ پولیس اہلکار اور تین شہریوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔

شہر قائد میں شاہ لطیف تھانے کے علاقے میں مرغی خانے پل پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس میں بارہ پولیس اہلکار سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس اور رینجرز کی نفری پہنچ گئی ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ طلب کرلیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک موٹر سائیکل میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا جو سڑک کنارے کھڑی تھی۔ دھماکے میں چند افراد کو شدید زخم آئے ہیں اور انہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

دھماکے کے زد میں ایک رکشہ بھی آیا جو اس وقت وہاں سے گزر رہا تھا جس میں بیٹھی ہوئی سواریوں کو معمولی زخم آئے اور انہیں بھی فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کے بعد جائے حادثہ پر بھگدڑ مچ گئی اور لوگ دیوانہ وار جان بچانے کیلئے بدحواسی کے عالم میں بھاگ کھڑے ہوئے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ہیں اور دھماکے میں ملوث افراد کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔