counter easy hit

منی پاکستان کا نام دے کر کراچی کے ساتھ بدترین سلوک کیا جارہا ہے، سندھ ہائی کورٹ

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ منی پاکستان کا نام دے کر کراچی کے ساتھ بدترین سلوک کیا جارہا ہے اور لوگ ایک دوسرے کے گلے کاٹنے کو تیار ہیں۔

Karachi is being treated badly with the name of mini Pakistan, Sindh High Courtسندھ ہائی کورٹ میں جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل سنگل بینچ نے سندھ کو سات ریاستوں میں تقسیم کرنے کی درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کا موقف تھا کہ کراچی کی آبادی دو کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، سندھ کو 7 ریاستوں میں تقسیم کیا جائے۔

عدالت عالیہ نے صوبائی حکومت، چیف سیکریٹری، کمشنرکراچی اور دیگرفریقین سے پانچ جولائی تک تفصیلی جواب طلب کرلیا کہ کراچی کو انتظامی طور پر کیسے الگ کیا جاسکتا ہے؟ صوبے کی تقسیم یا نئے اضلاع بنانے سے متعلق طریقہ کار اور قانون بھی بتایا جائے۔

جسٹس عقیل عباسی نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ کراچی کو منی پاکستان کا نام دے کر اس شہر کے ساتھ بدترین سلوک کیا جارہا ہے، لوگ ایک دوسرے کے گلے کاٹنے کو تیار ہیں، شہر میں پانی اور بجلی کا حال سب کے سامنے ہے، ڈھائی کروڑ آبادی کا تو ملک ہوتا ہے ہم نے شہر بنایا ہوا ہے، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں 50 لاکھ آبادی سے زیادہ کا شہر نہیں ہوتا، بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھے لوگوں کو شرم نہیں آتی۔ کچھ کرنے کی ہمت اور عزم ہوتا تو اس شہر کا بیڑہ غرق نہیں ہوتا۔

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ حالت یہ ہے کہ سیاسی جماعتوں نے کاغذات نامزدگی کا کیا حشر کیا، کرپٹ لوگوں کا راستہ روکنےکا طریقہ ختم کردیا گیا، اب چور ڈاکو مجرم سب انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ  کرپشن اور بد دیانتی ہے،پچھلے چار برسوں میں لوگ کرپشن اور بددیانتی کی وجہ سے نااہل ہوئے، انتخابات سر پر ہیں، ہم کوئی حکم جاری کردیں تو اور مسائل پیدا ہوں گے۔