counter easy hit

انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کی سرینگر میں ایک اہم نشست منعقد ہوئی

Srinagar

Srinagar

سرینگر : انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کی سرینگر میں ایک اہم نشست منعقد ہوئی جس میں مختلف مکاتب فکر کے دانشوروں اور طلاب نے شرکت کی اور عالم اسلام کی موجودہ سنگین و تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، کونسل کے اخبارات کے نام جاری بیان کے مطابق میٹنگ میں کہا گیا کہ دشمنان اسلام اپنی پوری توانائی، طاقت اور سازشوں کو بروئے کار لاکر مسلمانوں میں تفرقہ پھیلا رہے ہیں۔

برصغیر میں مسلمانوں نے ہمیشہ آپسی اخوت، ہمدلی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا ہے جو دشمن کی آنکھ کا کانٹا ثابت ہورہا ہے، برصغیر کے مسلمانوں کا دشمن ہر وقت کوششوں میں مصروف ہے کہ یہاں کے مسلمان آپسی تضاد و منافرت کے شکار ہوجائیں جس میں وہ کامیاب ہرگز نہیں ہونگے، دشمن کی کوشش ہے کہ برصغیر بالخصوص ہندوستان کی کل آبادی کے تقریباً 20 فیصد مسلمان بھی آپس میں تقسیم ہو جائیں اور افتراق و تفرقے سے انکی ہَوا اکھڑ جائے لیکن مسلمانان ہند اتحاد اسلامی کا بھرپور مظاہرہ کرکے دشمن کی سازششوں کو ناکام بنا دیں گے۔

میٹنگ میں مولانا پیر اشفاق بخاری نے اتحاد اسلامی کی اہمیت و افادیت پر سیر حاصل گفتگو کی اور کہا کہ اس حوالے سے ہمیں ایک دوسرے کا معاون و مددگار ثابت ہونا چاہیے، ہمیں آپسی بھائی چارگی کا عملی مظاہرہ کرنا چاہیے۔

شب و روز اس حوالے سے کوشاں رہنا چاہیے، اس دوران انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے ترجمان شیخ انجم حسین نے کہا کہ مسلمانوں کی آپس میں اخوت و برادری و بھائی چارگی برقرار رکھنے کے سوا کوئی چارہ کار نہیں بچتا، تفرقہ اور آپسی انتشار کسی بھی صورت میں مسلمانان عالم کے مفاد میں نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اتحاد اسلامی کی ضرورت، وحدت امت کے حوالے سے آگہی و بیداری کی مہم کے لئے انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کاربند اور کمر بستہ ہے۔