counter easy hit

عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر مظالم کا نوٹس لینا ہو گا، علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضاسید نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں خواتین پر مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری خواتین کے حقوق کی پامالیوں کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے عالمی یوم خواتین پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ برسلزسے جاری ہونے والے اس بیان میں علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کی صورتحال پر تشویش ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ مردوں اور بچوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں کشمیری خواتین بھی بھارتی فوج کے مظالم کانشانہ بنی ہیں اور ان مظالم کا سلسلہ شدت سے جاری ہے۔

انھوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کی رپورٹس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ کس طرح بھارتی فوجیوں نے تمام اصولوں اور اخلاقی اقدارکی پامالی کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔

بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں کشمیری خواتین کے مصائب اور پریشانیاں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ ہزاروں خواتین ایسی ہیں جنہیں بھارتی مظالم کے دوران جنسی تشدد کا نشانہ بنایاگیا اور پھرقتل کردیاگیا یا ان میں سے کسی کا خاوند ، بیٹا، شوہر یا بھائی ماردیاگیا۔

علی رضاسید نے کہاکہ کشمیری عوام خصوصاً خواتین پر مظالم کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ کشمیرمیں تعینات بھارتی قابض فوج کو کالے قوانین کے تحت کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کی اجازت حاصل ہے۔ ان فوجیوں کو کھلی چھٹی ہے کہ وہ کشمیریوں کی زندگی اور عزت سے کھیلیں ۔ کشمیریوں کی جانیں، وقار اور املاک کوئی بھی چیز میں محفوظ نہیں۔