counter easy hit

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر احتجاج

Foriegn Office

Foriegn Office

اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پربلااشتعال فائرنگ کے واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا جب کہ ڈپٹی ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جب کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران بھارت نے 70 بار ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو اس سلسلے میں احتجاجی مراسلہ بھی دیا جس میں کہا گیا کہ بھارت اپنی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے روکے اور بھارت کو چاہیے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرائے اور اس بارے میں پاکستان سے معلومات کا تبادلہ بھی کرے۔

واضح رہے گزشتہ روز بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 3 افراد شہید اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔