counter easy hit

بھارت نے چین اور پاکستان کا مقابلہ کرنے کیلئے سرحدی علاقوں میں فوجی نقل وحرکت کیلئے تعمیرات میں اضافہ کردیا

اسلام آباد(ایس ایم حسنین) ہمسایہ ممالک میں دہشتگردی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے والے بھارتی  وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لداخ میں چین اوربھارت کے درمیان کشیدگی کا الزام پاکستان اور چین پرلگا دیا۔ انھوں نے الزام لگایا کہ پاکستان اور چین ایک مشن کے تحت ‘بھارت کے ساتھ’ سرحدی تنازعات کو ‘پیدا کرنے’ پر کام کر رہے ہیں۔ بھارتی خبررساں اداروں کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے مذکورہ بیان مقبوضہ کشمیر، لداخ، اروناچل پردیش، ہماچل پردیش، سکم، اتراکھنڈ اور بھارتی پنجاب سمیت پاکستان اور چین کے ساتھ واقع بھارت کی سرحدوں کے قریبی علاقوں میں تعمیر کیے جانے والے 44 پلوں کے افتتاح کے موقع پر ورچوئل تقریب میں دیا۔ انڈین ٹی وی کے مطابق پلوں کا مقصد فوجیوں کی نقل و حرکت اور ہتھیاروں کی آمدورفت میں آسانی ہے۔ علاوہ ازیں راج ناتھ سنگھ نے اروناچل پردیش میں ‘نیکیپو ٹنل’ بھی لانچ کیا۔ بھارتی وزیر دفاع نے اپنے ورچوئل خطاب میں کہا کہ ‘آپ ہمارے شمالی اور مشرقی سرحدوں کے ساتھ پیدا ہونے والی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں’۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘پہلے پاکستان اور اب چین بھی، گویا کسی مشن کے تحت کوئی سرحدی تنازع پیدا کرنا چاہ رہے ہیں’۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ‘ہمارے پاس ان ممالک کے ساتھ 7 ہزار کلو میٹر کی سرحد ہے، جہاں تناؤ برقرار ہے’۔ انڈین میڈیا کے مطابق   راج ناتھ سنگھ نے اصرار کیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ‘بصیرت’ کی حامل قیادت سرحدوں سے متعلق چیلنجوں کا مقابلہ  کرنے میں کامیاب رہی ہے اور ‘بڑی اور تاریخی تبدیلیاں لائی جاری ہیں’۔ راج ناتھ سنگھ نے تعمیر شدہ پلوں کی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری مسلح افواج کے جوان ان علاقوں میں بڑی تعداد میں تعینات ہیں جہاں ٹرانسپورٹ پورے سال دستیاب نہیں ہے’۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘یہ سڑکیں نہ صرف تزویراتی ضروریات کے لیے ہیں بلکہ یہ قوم کی ترقی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مساوی شراکت کی عکاسی کرتی ہیں’۔