آسام: بھارتی ریاست آسام کے بینک کی اے ٹی ایم میں گھس کر چوہوں نے 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے نوٹ کُتر ڈالے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ شاید چوہے وائرنگ کے لیے بنے ہوئے سوراخ سے مشین میں داخل ہوئے اور وہاں موجود تمام کرنسی نوٹ کُتر ڈالے، مشین ایک ہفتے سے خراب تھی۔
اے ٹی ایم کے چینل منیجر چندن شرما کے مطابق خراب ہونے سے قبل اس مشین میں 29 لاکھ روپے ڈالے گئے تھے، تقریباً 17 لاکھ روپے بغیر کُترے بچ گئے ہیں جبکہ 12 لاکھ 38 ہزار مالیت کے روپے کو نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کی شمال مشرقی ریاست میں چوہوں پر ضبط کی جانے والی ہزاروں لیٹر شراب پینے کا الزام لگایا گیا تھا۔
ریاست بہار نے 2016 میں شراب کی فروخت اور شراب نوشی پر پابندی عائد کردی تھی اور تقریباً ایک سال کے دوران پولیس نے کثیر تعداد میں شراب ضبط کی تھی۔
علاوہ ازیں ستمبر 2017 میں بہار میں سیلاب سے آنے والی تباہی کا ذمہ دار بھی چوہوں کو ٹھہرایا گیا تھا، بہار کے اس وقت کے وزیر راجیو رنجن سنگھ نے ایک ریویو میٹنگ میں کہا تھا کہ بہار میں سیلاب کی تباہی کا اصل سبب چوہے ہیں۔








