اسلام آباد (ویب ڈیسک) بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ کی 10 لاکھ سے زائد ٹویٹس کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا۔ بھارتی یوم آزادی پر پاکستان کی جانب سے یوم سیاہ کے طور پر منانے کی حمایت میں دنیا بھر سے 10 لاکھ سے زائد ٹویٹس کی گئیں۔ تفصیلات مطابق پاکستان نے 15 اگست بھارتی یومِ آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں نے اس کی حمایت بھی کی۔ دنیا بھر میں بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ کی مہم 30 گھنٹے سے زائد وقت جاری رہی جب کہ اس مہم کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دنیا بھر کے تمام مذاہب، مکاتب فکر، رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے عوام نے اپنے پیغامات میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی حمایت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مہم کے دوران بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی حمایت میں ایک ملین سے زائد ٹویٹس کی گئیں جو کسی بھی مہم کے دوران کی جانے والی ٹویٹس میں نیا ریکارڈ ہے۔ ٹویٹر پر پاکستانیوں اور عالمی برادری نے کشمیر میں بھارت کے سیاہ چہرے کو پیش کیا۔ ٹویٹر کا شمارسماجی رابطے کی بڑی ویب سائٹس میں ہوتا ہے ۔ ٹویٹر پر بھارتی مظالم کی بدولت 10 لاکھ ٹویٹس کا نیا ریکارڈ قائم ہونا جہاں پاکستان کے میڈیا بشمول سوشل میڈٰیا کی کامیابی ہے وہیں بھارتی میڈیا کے لیے یہ ریکارڈ ایک ڈراؤنے خواب کی حیثیت رکھتا ہے۔ٹویٹر پر مسئلہ کشمیر کو پذیرائی ملنا ، پوری دنیا کو کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا علم ہونے کی مترادف ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانی حکام اور عوام کی جانب سے مسئلہ کشمیر ہر فورم پر اٹھایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اس عید پر بھی پاکستانی میڈیا کو کشمیر پر خصوصی پروگرام اور نشستیں کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا اور کسی بھی طرح کے تفریحی و دیگر پروگرام اور نشستوں کو چلانے کی ممانعت کی گئی تھی۔ اس ضمن نے ٹی وی چینلز نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ۔ ٹی وی چینلس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں نے بھی مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کی مکمل کوشش کی ہے ۔ ٹویٹر پر مسئلہ کشمیر پر 10 لاکھ ٹویٹس کا نیا ریکارڈ قائم ہونا پاکستانی سوشل میڈیا کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوۓ استعمال کی بدولت یہاں ہر طرح کے مسئل کو زیادہ پذیرائی ملتی ہے۔ اس سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر سے آرٹیکل 370 کے خاتمہ کیخلاف بھی ٹویٹر پر مہم چلائی گئی تھی۔ تمام سیاستدان اپنا پیغام عوام تک پہنچانے کے لیے ٹویٹر کا سہارا لیتے ہیں ۔ گزشتہ اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ کشمیریوں کی نسل کشی سے کشمیر کا جغرافیہ تبدیل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی نسل کشی آر ایس ایس کے نظریے کے مطابق ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کی سوچ نازی نظریے سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندو برتری کے آر ایس ایس کے خواب کا سلسلہ کشمیر پر ہی نہیں روکے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارتی مسلمانوں کو دبانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور پاکستان کو بھی ہدف بنایا جائے گا۔