counter easy hit

بھارت نے آزاد کشمیر کے 22 ٹرک روک کر تجارت کو معطل کر دیا

Truck

Truck

سری نگر (یس ڈیسک) بھارت نے لائن آف کنٹرول کے راستے جانے والے آزاد کشمیر کے 22 ٹرک مقبوضہ کشمیر میں روک کر تجارت کو ایک مرتبہ پھر معطل کر دیا جبکہ مسئلہ کو حل کرنے کے لئے دونوں ممالک نے سفارتی سطح پر بھی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

بھارت نے ایک مرتبہ پھر منشیات سمگلنگ کا الزام لگا کر آزاد کشمیر کے 22 ٹرکوں کو ڈرایئورز کے ہمراہ روک دیا ہے۔ آزاد کشمیر ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مبینہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث ڈرایئور کو ثبوتوں کے ہمراہ ان کے حوالے کرے تاکہ اس کے خلاف آزاد کشمیر میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ بھارت کے انکار کے بعد ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی نے مقبوضۃ کشمیر سے آئے 50 ٹرک چکوٹھی سے واپس بھیجنے سے انکار کر دیا۔

دوسری جانب اسلام آباد اور نئی دلی کے درمیان اعلٰیٰ سفارتی سطح پر کوششیں جاری ہیں کہ مسئلہ کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔ بھارت نے گزشتہ سال بھی مبینہ منشیات سمگلنگ کے الزام میں آزاد کشمیر کے ڈرایئور محمد شفیق کو گرفتار کیا تھا جو مقبوضہ کشمیر کی بارہ مولہ جیل میں بند ہے۔