نئی دہلی:بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ ہرسال ایک ہزارچھ سو بھارتی فوجی اپنے ہی ہاتھوں زندگیوں کا خاتمہ کرتے ہیں، گزشتہ 9 سالوں میں ایک ہزار بائیس فوجیوں نے خودکشیاں کی۔

دوسری جانب بھارتی وزیرمملکت برائے دفاع سبھاش بھامرکی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق 2009 سے اب تک 9 برسوں میں ایک ہزار 22 بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی، 2014 سے 2017 کے درمیان 425 جبکہ 2009 سے 2013 کے درمیان 597 فوجیوں نے مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا ۔ گزشتہ چار برسوں میں فوج کے 9 افسران اور 26 اہلکاروں نے خودکشی کی، سب سے کم خودکشیوں کے واقعات بحریہ میں دیکھنے میں آئے جہاں دو افسران اور 16 سیلرز نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔واضح رہے کہ بھارت کا بڑا دفاعی بجٹ جو زیادہ ہتھیاروں کی خریداری پر خرچ ہورہا ہے، مگر سہولیات کا فقدان فوجیوں کو خودکشی جیسے سنگین اقدام کی طرف مائل کر رہا ہے۔








