چنیوٹ، چناب نگر: وزیر قانون پنجاب کو ہٹایا، قادیانی اوقاف بھی تحویل میں لیا جائے، قرار دادیں، علماء کرام کا خطاب

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمارے تمام عقائد و اعمال کی بنیاد ختم نبوت کا عقیدہ ہے۔ مولانا ابتسام الٰہی ظہیر نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کے عوض قادیانیوں کو ڈالر ملتے ہیں، فرضی رپورٹوں کے بدلے یورپی ممالک کے ویزوں کی قادیانیوں کے لئے انعامی سکیم نکلی ہوئی ہے، مولانا ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ ختم نبوت پر ایمان کے بغیر کوئی عبادت بھی بارگاہ ایزدی میں درجہ قبولیت کو نہیں پہنچتی۔ سید ضیا اﷲ شاہ بخاری نے کہا کہ پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا، ہم اپنی جانوں پر کھیل کر اسلام اور پاکستان کا تحفظ کریں گے۔
قبل ازیں کانفرنس کی مختلف نشستوں سے مولانا محمد عابد، میاں محمد اجمل قادری، مولانا عبدالرؤف چشتی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے تحفظ کے ساتھ ملک کے دفاع کا فریضہ بھی ہر مسلمان پر عائد ہوتا ہے ۔ ہمیں ہر حال میں اسلام کا علم اور پاکستان کا پرچم بلند رکھنا ہوگا۔ ختم نبوت کانفرنس چناب نگر میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی وزیر قانون پاکستانی قوانین سے نا بلد ہیں،جب تک وہ اپنے بیان کو علی الاعلان واپس نہیں لیتے انہیں آئینی عہدہ سے چمٹے رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ لہٰذا ان سے وزارت قانون کا قلمدان واپس لیا جائے ۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ختم نبوت کے بیان، لٹریچر، اشتہاراور سٹیکرز لگانے پر لاہور میں ایک ماہ کے لئے پابندی سراسر قادیانیت نوازی ہے، یہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، ملک بھر کے تمام محکموں سے قادیانیوں کو کلیدی عہدوں سے الگ کیا جائے، یہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ دیگر اقلیتوں کے اوقاف کی طرح قادیانی اوقاف بھی تحویل میں لیا جائے۔ قادیانیوں کی تربیت یا فتہ مسلح تنظیم خدام الاحمدیہ پرپابندی عائد کی جائے، ہماری معلومات کے مطابق قومی اسمبلی میں منظور ہونے کے باوجود بھی الیکشن کمیشن کی ویب سا ئٹ پر موجود الیکشن بل 2017 کے ڈاکومنٹس میں موجود فارم اے میں اقرار کا لفظ بدستور موجود ہے، اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فارم اے میں فی الفور اقرار کی جگہ لفظ حلف لکھا جائے۔ کانفرنس کا یہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ میں مذہب کا خانہ شامل کیا جائے، تاکہ عوام الناس کو مسلم اور غیر مسلم کی پہچان میں آسانی ہو۔








