counter easy hit

شہدائے کربلا کا چہلم : آج کن کن شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی؟

کراچی(ویب ڈیسک) شہدائے کربلا کا چہلم آج منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں کراچی، سکھر، ملتان، لاہور اور راولپنڈی سمیت خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی جبکہ کراچی، لاڑکانہ، نوابشاہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔
صوبائی حکومتوں کی درخواست پر وزارت داخلہ نے شہدائے کربلا کے چہلم پر پنجاب سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی منظوری دی۔ ملک بھر میں جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں اور جلوس کے روٹ پر ملحقہ سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ کراچی کی ایم اے جناح روڈ سے ملحقہ راستوں پر بھی کنٹینرز لگا دیئے گئے۔ صدر اور اطراف کے علاقے میں قانون نافذکرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن بھی کیا، جس کے دوران 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب سندھ بھر میں تمام نجی و سرکاری اسکول آج بند رہیں گے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں سندھ کے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی میں آج رات 12 بجے سےکل رات 10 بجے تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جب کہ مٹیاری، ٹنڈوالہ یار، سجاول، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ اور قمبر میں کل ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ ضلع دادو میں آج سے 31 اکتوبر تک ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، سانگھڑ میں 30 اور31 اکتوبر اور خیرپور میں آج سے 2 نومبر تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری ممنوع ہوگی۔ اسی طرح جامشور، ٹھٹہ، میرپورخاص، سکھر اور کشمور میں آج اور کل جب کہ ٹنڈو محمد خان میں آج موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔