counter easy hit

کاش عمران خان کو سلیکٹ کرنے والے انہیں پہلے میانوالی کا کونسلر بنا دیتے، سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کاش عمران خان کو سلیکٹ کرنے والے انہیں پہلے میانوالی کا کونسلر بنا دیتے، کسی جگت باز کی طرح جملے بازیاں وزیراعظم کے منصب کے شایان شان نہیں، حیرانی ہو رہی ہے کہ ایک ملک کا وزیراعظم اتنی سطحی اور گری ہوئی تنقید بھی کرسکتا ہے،

عمران خان کی تقریر پر اپنے ردعمل میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ جرمنی اور جاپان کے بارڈر ملادینے والے عمران خان اپنی ذات میں ایک لطیفہ ہیں، اگر پی پی نے ملک تباہ کیا تو عمران خان ہماری کابینہ سے اپنی حکومت کیوں چلا رہے ہیں؟ حیرانی ہو رہی ہے کہ ایک ملک کا وزیراعظم اتنی سطحی اور گری ہوئی تنقید بھی کرسکتا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں نے غریب کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا، کسی نے چوری اور سینہ زوری دیکھنی ہو تو اپوزیشن کی تقریریں اور بیانات دیکھ لے۔ فردوس عاشق اعوان نے بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ ٹھاٹھ باٹھ سے رہتے ہیں، آپ کوکیا معلوم بنیادی ضروری اشیاء کی قیمتیں کیا ہیں؟ بلاول روزمرہ کی چیزوں کے نرخ بتا دیں تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔