counter easy hit

این اے 57 میں شاہد خاقان عباسی کو شکست دینے والے پی ٹی آئی رہنما صداقت علی کی تعلیمی قابلیت کتنی ہے؟ جانیے

اسلام آباد ; پاکستان تحریک انصاف عام انتخابات میں اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور اس وقت حکومت بنانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہے تاہم شاہد خاقان عباسی کو شکست دینے والے پی ٹی آئی کے امیدوار صداقت علی عباسی تعلیمی میدان میں بھی آگے نکلے ۔نجی ٹی وی کے پروگرام

میں گفتگو کرتے ہوئے صداقت علی عباسی نے اپنی تعلیمی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اسلامک یونیورسٹی سے ایم ایس سی اکنامکس مکمل کی جبکہ وہ اکنامکس میں ایم فل بھی کر چکے ہیں اور ساتھ ہیں ایم ایس آئی ٹی کی ڈگری بھی رکھتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ وہ ٹیچنگ کے شعبہ سے وابستہ ہیں ، وہ اسلام آباد میں اے لیول کے طلبہ کو اکنامکس پڑھاتے تھے اور انہوں نے اپنے سکول بھی بنائے تاہم گزشتہ سال سیاست کو وقت دینے کیلئے انہوں نے یہ مصروفیات ترک کر دیں ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ صداقت علی عباسی گزشتہ سال الیکشن ہار گئے تھے تاہم اس بار انہوں نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو شکست دیدی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ جس شخص کے خلاف میں نے الیکشن لڑا وہ چھ مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور سابق وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں ،اس لیے میں جانتا تھا کہ انہیں شکست دینا اتنا آسان نہیں ہوگا اس لیے خصوصی محنت کی ضرورت ہوگی جس کے باعث میں نے اسے ایک جنگ تصور کیا اور اپنا سب کچھ اس میں لگا دیا ۔شاہد خاقان کو ہرانا ایک مشکل کام تھا لیکن اس کے باوجود میں نے کمپین جاری رکھی

اور بیانیہ اپنایا کہ جو شخص وزیراعظم رہ کر آپ کیلئے کچھ نہیں کر سکا تو و ہ قومی اسمبلی کا ممبر بن کر آپ کیلئے کیا کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ پہاڑی علاقہ ہے یہاں پر کمپین کیلئے جسمانی قوت کا ہونا بھی ضرور ی ہے اس لیے جب میر والدہ مجھ سے کمپین کے دوران یہاں ملنے کیلئے آئیں تو وہ میری حالت دیکھ کر رونے لگ گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا علاقہ پہاڑیوں پر ہے اس لیے یہاں پر پیدل بہت زیادہ چلنا پڑتا ہے جبکہ میں صرف دو گھنٹوں کیلئے ہی سوتا تھا ۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق عام انتخابات میں این اے 53 میں عمران خان سے بدترین شکست کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی این اے 57 مری سے بھی ہار گئے ،تحریک انصاف کے صداقت علی عباسی نے سابق وزیراعظم کو شکست سے دوچار کیا۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 57 مری میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اپنے آبائی حلقے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔تحریک انصاف کے صداقت علی عباسی 136249 ووٹ لے کر کامیاب قرارپائے جبکہ ان کے مدمقابل شاہد خاقان عباسی نے 124705 ووٹ حاصل کئے۔واضح رہے کہ این اے 53میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بڑے مارجن سے شکست دی ہے۔