لاہور: سعودی شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو آئندہ جمعے کے روز کا شدت کے ساتھ انتظار ہے۔ اس لیے کہ یکم جون سے ہر ہفتے کے اختتام پر حرمین ٹرین میں مفت سفر کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کا مقصد سفر کے خواہش مند شہریوں کو اس تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر رمیح بن محمد الرمیح کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے سعودی عوام کی آراء اور تجاویز کا حصول نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ الرمیح نے بتایا کہ ہر ہفتے کے اختتام پر مفت سفر کا یہ سلسلہ تجارتی بنیادوں پر حرمین ٹرین کے آپریشن کے شروع ہونے تک جاری رہے گا۔ ٹرین کا تجارتی آپریشن رواں برس ستمبر سے شروع ہو گا۔








