لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قبل از وقت انتخابات سے حکومتوں کو سیاسی شہید بننے کا موقع دینے کی بجائے انھیں مدت پوری کرنے دی جائے تاکہ سب کی کارکردگی سامنے آسکے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے انتخابی اصلاحات کیلئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے تجویز کی گئی الیکشن ریفارمز کو خود ہی مشکوک بنادیا ہے، بھارت ہمارے شہریوں کو قتل کررہا ہے، دشمن کی طرف سے مسلسل دھمکیوں اور سازشوں کا ہماری حکومت کوئی جرأت مندانہ جواب نہیں دے رہی، اس بزدلانہ پالیسی کو تبدیل ہونا چاہیے۔ سراج الحق نے کہا کہ الیکشن ایک پارٹی کا نہیں تمام سیاسی جماعتوں کا مسئلہ ہے جس پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے، حکومتوں کی مدت پوری ہونے میں پانچ چھ ماہ کا عرصہ باقی ہے، بہتر یہی ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے تاکہ اسے سیاسی شہید بننے کا موقع نہ مل سکے، شہید کیپٹن ارسلان کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پوری قوم اس عظیم خاندان کے ساتھ کھڑی ہے، وہ ہمارے سر کا تاج ہیں۔








