counter easy hit

دھاندلی کرنے والوں کو سزائیں ملنے تک انتخابی اصلاحات کا کوئی فائدہ نہیں، عمران خان

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (یس ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے خود ٹریبونل کے سامنے پیش ہونے جا رہا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ انصاف ملے گا۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے الیکشن ٹریبونل کے سامنے پیشی کے لئے لاہور روانگی سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ این اے 122 میں دھاندلی کے حوالے سے خود پیش ہونے جا رہا ہوں کیونکہ اس حلقے کی بہت زیادہ اہمیت ہے، اگر یہ ٹریبونل وہ فیصلہ کر دیتا ہے جس کے لئے ہم جدو جہد کر رہے ہیں تو ہم حقیقی جمہوریت کی طرف چلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں 1970 کے علاوہ جتنے بھی انتخابات ہوئے ان میں اپوزیشن نے کہا کہ دھاندلی ہوئی لیکن 2013 کا الیکشن وہ واحد الیکشن ہے جس میں جو جیتے انہوں نے بھی کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے تو جب تک جن لوگوں نے پاکستان کی عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے انہیں سزا نہیں مل جاتی تو انتخابی اصلاحات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ ٹریبونل کے سامنے جو بھی انکشافات ہوں گے اس سے ہمارا مستقبل ٹھیک ہو گا، حقیقی جمہوریت آئے گی، عوام کے ووٹ کی اہمیت ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ لوگ مہنگائی سے تنگ ہیں، ہر جگہ لوٹ مار مچی ہوئی ہے، دیہاتوں میں لوگ شام کو گھر سے باہر نہیں نکل سکتے، جرم بڑھ گیا ہے، قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے، ہر روز کوئی نہ کوئی اپنے حقوق کے لئے سڑکوں پر ہوتا ہے، اگر تاجر برادری تبدیلی چاہتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں اور میرے ساتھ نکلیں، انہیں ایک دن کی مشکل پڑے گی لیکن ہو سکتا ہے کہ آپ کا مستقبل ٹھیک ہو جائے لیکن اگر آپ اسی طرح رہنا چاہتے ہیں تو پھر یہ مت کہیے گا کہ حالات برے ہیں، مہنگائی ہے، پھر جو بھی ہو چپ کر کے سہتے رہنا۔