counter easy hit

پاکستان اور سپین باہمی مشاورت کیساتھ چلیں گے، سیکرٹری خارجہ کی سطح پربات چیت میں اتفاق

اسلام آباد(یس اردو نیوز) پاکستان اورسپین کے درمیان وسیع ترتعاون کے فروغ کیلئے پاک سپین سالانہ باہمی مشاورت کے اگلے دور کے جلد انعقاد پراتفاق کیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سپین کی ریاستی سیکرٹری برائے امور خارجہ کرسٹینا گالاچ کے درمیان گزشتہ روز ویڈیو کانفرنس رابطہ ہوا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنے ہسپانوی ہم منصب کو انسانی جانیں بچانے، ذریعہ معاش کے تحفظ اور معاشی استحکام کے حوالے سے حکومت پاکستان کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات پر بریف کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے کوویڈ۔19 کے باعث سپین میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہارکیا اور اس وائرس پر قابو پانے سے متعلق سپین کی کوششوں اور معیشت کی بحالی کے اقدامات کو سراہا۔بات چیت کے دوران کوویڈ۔19 وبائی امراض، دوطرفہ تعلقات، کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف امور زیر بحث لائے گئے۔ دونوں فریقین نے وبائی امراض کے سماجی و معاشی اثرات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے اپنے ہسپانوی ہم منصب کو وزیراعظم عمران خان کے ملکی اقتصادی پیکیج اور ترقی پذیر ممالک کےلئے ”قرضوں میں ریلیف“ کے مطالبہ سے بھی آگاہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے یورپی یونین اور جی 20 دونوں میں سپین کی حمایت کو سراہا۔ سیکرٹری خارجہ نے یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی(ای اے ایس اے) کے حالیہ فیصلہ کے بعد یورپی یونین میں پی آئی اے کی پروازوں کی عارضی معطلی پر پاکستان کی تشویش کو اجاگر اور اس پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے پی آئی اے آپریشنز میں پروازوں کی اعلیٰ سطح پر حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پی آئی اے اپنے آپریشنز میں اعلیٰ معیار اور کوالٹی کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ فریقین نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے امریکہ طالبان براہ راست مذاکرات میں پاکستان کی مثبت شراکت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان قیادت کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انٹر افغان مذاکرات کے ذریعے سیاسی تصفیہ کےلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کےلئے مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان حکومت اور عوام کے زیر قیادت امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے لئے سپین کی جانب سے جی ایس پی پلس کی حمایت کو سراہا۔ سیکرٹری خارجہ نے اپنی ہسپانوی ہم منصب کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور انسانی صورتحال، مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے اور ایل او سی پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجہ میں امن و سلامتی کو خطرات کے بارے میں بھی بریف کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے کشیدگی میں اضافہ کی روک تھام میں عالمی برادری کے کردار اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے افغانستان کی صورتحال اور افغان امن عمل میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website